رسائی کے لنکس

امریکہ میں سنیما ہالز کھلنے لگے، فلم 'ان ہنجڈ' سے اچھا آغاز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرونا وائرس کی وبا نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا تو زندگی کا تیز رفتار پہیہ تھم سا گیا۔ لیکن اب وبا کا زور کم ہونے کے بعد زندگی کی رونقیں بھی بحال ہونے لگی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق فلوریڈا، ٹیکساس، جارجیا اور دیگرامریکی ریاستوں میں سنیما گھر کھول دیے گئے ہیں اور مارچ کے بعد سے جو فلم سنیما گھروں کی زینت بنی وہ اداکار رسل کرو کی تھرلر 'ان ہنجڈ' ہے۔

فلم 'ان ہنجڈ' شمالی امریکہ کے 1823 تھیٹرز میں ریلیز کی جا چکی ہے۔ مشکل حالات کے باوجود 'ان ہنجڈ' ویک اینڈ پر 40 لاکھ ڈالرز کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔

فلمی صنعت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ یہ موجودہ حالات میں اچھا آغاز ہے کیوں کہ فلموں کی بڑی مارکیٹ سمجھے جانے والے نیویارک، نیوجرسی اور کیلی فورنیا میں سنیما تاحال بند ہیں۔

'ان ہنجڈ' کے لاس اینجلس، سان فرانسسکو اور سکرامنٹو کے 'ڈرائیو ان سنیما' میں سب سے زیادہ ٹکٹس فروخت ہوئے جب کہ ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور اورلینڈو کے ملٹی اسکرینز پر فلم نے اچھی کمائی کی۔

فلم ساز کمپنی رواں ہفتے کے اختتام پر شمالی امریکہ کے مزید 2300 سنیما گھروں میں دکھانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

سنیما گھروں کی انتظامیہ نے فلم کی ریلیز پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔ ان میں نشستوں میں فاصلہ، ٹکٹس کی آن لائن فروخت، سینیٹائزر اور ماسک کا استعمال جیسے اقدامات شامل ہیں۔

امریکہ کے علاوہ کینیڈا کی بات کریں تو اینی میٹڈ فلم 'دی اسپنج بوب مووی۔۔۔ اسپنج آن رن' کی 386 سنیما گھروں کی کمائی پانچ لاکھ 50 ہزار ڈالرز رہی جب کہ فلم کا مجموعی بزنس 20 لاکھ ڈالرز رہا۔

ویک اینڈ پر امریکہ کی فلم ساز کمپنی 'آئی ایف سی' فلمز نے امریکی سائنس دان اور موجد نکولا ٹیسلا کی زندگی پر بننے والی فلم 'ٹیسلا' ریلیز کی۔ ادکار ایتھن ہاک نے فلم میں نکولا ٹیسلا کا کردار نبھایا ہے۔ 108 سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے 42 ہزار ڈالرز کا بزنس کیا۔

'آئی ایف سی' کی ہی دوسری فلم 'دی رینٹل' کا بزنس بھی اچھا رہا۔ فلم نے 105 تھیٹرز پر ایک لاکھ آٹھ ہزار ڈالرز کمائے اور مجموعی بزنس 15 لاکھ ڈالر رہا۔

فلم 'ورڈز آن باتھ روم والز' 925 سنیما ہالز پر ریلیز کی گئی جو چار لاکھ 62 ہزار 50 ڈالرز کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔

امریکہ کے کئی شہروں میں کرونا وبا کی وجہ سے کئی فلموں کی نمائش تاخیر کا شکار ہے۔ اس کے باوجود فلم ساز کمپنی 'وارنر برادرز' کو توقع ہے کہ تین ستمبر کو کرسٹوفر نولان کی سائنس فکشن فلم 'ٹینٹ' بھی ریلیز ہو جائے گی۔

ہفتے کے اختتام سے قبل ڈیزنی اور فوکس کے سپر ہیروز کی تھرلر فلم 'دی نیو میوٹینٹس' بھی تھیٹرز کی زینت بننے جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG