ڈزنی اسٹوڈیو کی نئی سیکوئل فلم، جس میں انجلینا جولی کردار ادا کر رہی ہیں، نے 'ملیفسنٹ: مسٹریس آف ایول' نے شمالی امریکہ کے باکس آفس پر ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی ہے۔
فلم پہلے ویک اینڈ پر ہی تین کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کا کاروبار کرکے سرفہرست آ گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق 'ملیفسنٹ' کی پہلی فلم کی ہیروئن بھی انجلینا جولی ہی تھیں جو 2014 میں ریلیز کے پہلے ہفتے پر شمالی امریکہ میں چھ کروڑ 94 لاکھ ڈالرز اور دنیا بھر میں 75 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھی۔
اس لحاظ سے سیکوئل پہلی فلم کے مقابلے میں پہلے ویک اینڈ پر نصف بزنس ہی کرسکی لیکن دوسری فلموں سے سیکوئل کا مقابلہ کیا جائے تو یہ کمائی کے اعتبار سے سر فہرست فلم ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کا کہنا ہے کہ 'ملیفسنٹ' کے مقابلے میں نمائش کا تیسرا ہفتہ مکمل کرنے والی وارنر برادرز کی فلم 'جوکر' تیسرے ویک اینڈ پر دو کروڑ 92 لاکھ ڈالرز کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔
بزنس کے لحاظ سے 'جوکر' اس ہفتے کی دوسری کامیاب بزنس کرنے والی فلم قرار دی گئی ہے۔
باکس آفس پر اس ہفتے تیسرے نمبر پر آنے والی فلم 'زومبی لینڈ: ڈبل ٹیپ' رہی جس نے 2 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کمائے۔
فلم میں ووڈی ہیرلسن، ایما اسٹون، لیوک ولسن اور روز اریو ڈاسن نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
اس مہینے کے آخر میں چونکہ ہالووین ڈے کے موقع پر چھٹی ہوگی اس لیے توقع کی جا رہی ہے کہ فلم مزید بزنس کرنے میں کامیاب رہے گی۔
چوتھے نمبر پر ہالووین سے متعلق فلم ، یونائٹڈ آرٹسٹس کی دی 'ایڈمز فیملی' رہی جس نے 16 کروڑ کا بزنس کیا۔ یہ اینی میٹیڈ فلم ہے۔
فلم میں آسکر اسحاق ، چارلیز تھیرن ، اسنوپ ڈوگ اور بیٹ مڈلر کی آوازیں استعمال کی گئی ہیں۔
اب ذکر اس فلم کا جو اس ہفتے پانچویں نمبر پر رہی، یہ پیرا ماؤنٹ فلمز کی 'جیمنی مین' ہے جس میں ول اسمتھ نے ایک ریٹائرڈ ہٹ مین کا کردار ادا کیا ہے۔ اس فلم نے رواں ہفتے 85 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا۔