رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ خارجہ افغانستان پہنچ گئیں


امریکی وزیرِ خارجہ افغانستان پہنچ گئیں
امریکی وزیرِ خارجہ افغانستان پہنچ گئیں

امریکہ کی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن ایک اہم دورے پر افغانستان پہنچی ہیں جہاں وہ گزشتہ دس برسوں سے جاری افغان جنگ کے سیاسی حل کے امکانات پر افغان قیادت کےساتھ تبادلہ خیال کریں گی۔

امریکی وزیرِ خارجہ بدھ کی شام غیر اعلانیہ دورے پر اچانک دارالحکومت کابل پہنچیں۔ امریکی حکام کے مطابق سیکریٹری کلنٹن جمعرات کو افغان صدر حامد کرزئی اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گی جن میں افغانستان میں سیکیورٹی کی ذمہ داریوں کی متنقلی کے جاری عمل اور مفاہمتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ افغان حکومت کے طالبان شدت پسندوں کے ساتھ امن مذاکرات کا سلسلہ سابق افغان صدر برہان الدین ربانی کے قتل کے بعد سے تعطل کا شکار ہے جو گزشتہ ماہ کابل میں واقع اپنی رہائش گاہ پر کیے گئے ایک خودکش حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

ربانی صدر کرزئی کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کےلیے قائم کی گئی اعلیٰ سطحی امن کونسل کے سربراہ تھے۔

یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ افغانستان میں تشدد کی حالیہ لہر ایک ایسے وقت میں شدت اختیار کرگئی ہے جب بین الاقوامی افواج افغانستان سے واپسی کی تیاری کر رہی ہیں اور ان کی جانب سے سیکیورٹی کی ذمہ داریاں بتدریج مقامی فورسز کے سپرد کی جارہی ہیں۔

تشدد کا تازہ ترین واقعہ بدھ کو مغربی صوبے ہرات میں پیش آیا جہاں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے پانچ افغان فوجی ہلاک ہوگئے۔

بدھ ہی کو مشرقی افغانستان میں کیے گئے ایک بم حملے میں دو نیٹو فوجی بھی مارے گئے۔ نیٹو اتحاد نے ہلاکتوں کی مزید تفصیل جاری نہیں کی ہے۔

XS
SM
MD
LG