ہیلری کلنٹن کو ہفتے کے روز قومی سلامتی پر بریفنگ دی گئی، جو ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے امریکی صدارتی انتخابات میں نامزدگی ملنے کے بعد اُن کی پہلی بریفنگ تھی۔
یہ بریفنگ اُن کے گھر کے قریب نیویارک سے باہر واقع ایک وفاقی سرکاری تنصیب میں منعقد ہوئی جہاں اُنھیں امریکہ کو درپیش اہم داخلی اور عالمی خطرات کی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
امریکی قانون کے تحت، اہم صدارتی امیدواروں اور اُن کے قریبی مشیروں کو ایسی بریفنگ دی جاتی ہے، جس میں نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ کا دفتر سلامتی کے امور پر صیغہٴ راز کی نوعیت کی اطلاعات سے آگہی دیتا ہے، تاکہ عہدہ سنبھالنے پر اِن معاملات کی پرکھ حاصل ہو۔
اس سے قبل، اِسی ماہ، کلنٹن کے اہم حریف، ری پبلیکن پارٹی کے نامزد امیدوار، ڈونالڈ ٹرمپ کو اِسی قسم کی سکیورٹی بریفنگ دی گئی تھی، جو ڈھائی گھنٹے سے زیادہ دیر تک جاری رہی تھی۔
ایسوسی ایٹڈ پریس خبر رساں ادارے کی اطلاع کے مطابق، کلنٹن کو وائٹ پلینس میں واقع ’ایف بی آئی‘ کے دفتر کے اجلاس کے ایک محفوظ کمرے میں بریفنگ دی گئی، جو دو سے زیادہ گھنٹوں تک جاری رہی۔
قومی انٹیلی جنس کے دفتر کا عملہ گذشتہ 60 برس سے صدارتی امیدواروں کو روایتی طور پر ایسی بریفنگ دیتا آیا ہے۔