اتوار روایتی طور پر آرام کا دن ہوتا ہے لیکن امریکہ میں صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والوں کے لیے ایسا نہیں ہے۔
ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلری کلنٹن اتوار کو اوہائیو کے شہر کولمبس میں تھیں، اوہائیو اور پنسلوینا کی صنعتی ریاستوں کے تین روزہ دورے کے دوران کولمبس میں اُن کی آخری مصروفیت تھی۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ دونوں ریاستیں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے حوالے سے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔
ہلری کلنٹن نے اجتماع سے خطاب میں لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان کے ریپبلکن حریف کے جذباتی بیانات کو نا سنیں اور ان کے بقول " ڈونلڈ ٹرمپ ہماری جمہوریت کے لیے ایک خطرہ ہیں" ۔
ہلری نے دونوں ریاستوں میں کئی فیکٹریوں کے دورے بھی کیے اور اس دوران انھوں نے مزدوروں سے بھی ملاقات کی۔
ہلری نے تسلیم کیا کہ انہیں "طاقتور فورسز" کا سامنا ہے تاہم انہوں نے سامعین کو یہ بتانے سے احتراز نا کیا کہ امیروں اور وال اسٹریٹ کو نئی نوکریاں پیدا کرنے کے منصوبوں کے لیے "بلآخر اپنے ٹیکسوں کا جائز حصہ ادا کرنا پڑے گا"۔
دوسری طرف ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر ستمبر اور اکتوبر میں ہونے والے (صدارتی امیدواروں کے) مباحثے کے اوقات طے کرنے میں بد دیانتی کا الزام عائد کیا ہے کیونکہ تین میں دو مباحثے اس وقت منعقد کیے جائیں گے جب امریکہ نیشنل فٹ بال لیگ 'این ایف ایل' کے مقابلے ہو رہے ہوں گے۔
امریکہ میں فٹ بال کے ان مقابلوں میں لوگ جنون کی حد تک دلچسپی رکھتے ہیں اور زیادہ تر لوگ (صدارتی امیدواروں کے) مباحثوں کی بجائے فٹ بال مقابلوں کو ٹی وی پر دیکھنا چاہیں گے۔
قبل ازیں ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے ’اے بی سی‘ ٹیلی ویژن کے پروگرام "دِس ویک' میں کہا تھا کہ ’این ایف ایل‘ نے انہیں ان (مباحثوں کے اوقات کار) کے بارے میں ایک خط کے ذریعے شکایت کی تھی۔
تاہم ’این ایل ایف‘ نے ایسا کوئی خط لکھنے سے انکار کیا ہے جس کے بعد ٹرمپ کے ایک معاون نے کہا کہ ان کے امیدوار (ٹرمپ) کو اس تنازع کے بارے میں " لیگ کے ایک قریبی ذرائع " سے معلوم ہوا تھا۔
صدارتی مباحثوں سے متعلق غیر جانبدار کمیشن کا کہنا ہے کہ انھوں نے ڈیڑھ سال قبل ایسی مناسب تاریخیں طے کرنے کے لیے کام شروع کیا تھا تاکہ ان کا ٹکراؤ دیگر بڑی تقریبات اور مذہبی تعطیلات سے نا ہو۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے تمام مقابلوں سے (ایسے کسی ٹکراؤ سے ) بچنا مشکل ہے۔
ٹرمپ پیر کو دو شہروں کولمبس اور ہیرسبرگ میں اپنی انتخابی مہم کے جلسے منعقد کریں گے جہاں حال ہی میں ہلری کلنٹن دورہ کر چکی ہیں۔ جب کہ ہلری اس دن نیبراسکا، بولڈر اور کولوراڈو میں ہوں گی۔