رسائی کے لنکس

عراق اور شام میں داعش پر اتحادی فورسز کے حملے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عراق میں فلوجہ، موصل، رمادی اور تلعفر میں داعش کے اہداف پر حملے کیے گئے جن میں شدت پسندوں کے زیر استعمال گاڑیوں اور بھاری توپ خانے کو تباہ کر دیا گیا۔

شدت پسند گروپ داعش کے خلاف اتحادی فوجوں کے حملے کا سلسلہ جاری ہے اور شام و عراق میں ہفتہ کو 15 فضائی حملے کیے گئے۔

عراق کی وزارت دفاع کی اجازت سے اتحادی فورسز نے لڑاکا اور ڈرون طیاروں کی مدد سے داعش کے شدت پسندوں کے خلاف 11 حملے کیے۔

امریکہ کی زیرقیادت اتحادی فورسز کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ عراق میں فلوجہ، موصل، رمادی اور تلعفر میں داعش کے اہداف پر حملے کیے گئے جن میں شدت پسندوں کے زیر استعمال گاڑیوں اور بھاری توپ خانے کو تباہ کر دیا گیا۔

شام میں کوبانی کے نزدیک اتحادی فورسز نے جیٹ طیاروں کی مدد سے چار حملے کیے۔

اتحادی کمانڈ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل تھامس وائیڈلی نے کہا کہ "داعش کو شکست دینے کے لیے ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔ یہ حملے عراق اور شام سے داعش کے خاتمے کے عراقی اور کرد فورسز کی مدد کے لیے ہیں۔"

دریں اثناء عراق اور اردن کے درمیان ایک سرحدی گزرگاہ پر داعش نے تین خودکش حملے کیے جن میں عراقی فورسز کے کم از کم چار اہلکار ہلاک ہوگئے۔

تربیل نامی گزرگاہ میں ہونے والے بم دھماکوں میں کم ازکم 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

داعش نے گزشتہ سال کے وسط سے شام اور عراق کے مختلف حصوں پر قبضہ کرنے کے بعد وہاں خلافت کا اعلان کر دیا تھا جن کی پیش قدمی کو روکنے اور ان کے زیرتسلط علاقوں کو واگزار کروانے کے لیے امریکہ کی قیادت میں اتحادی فورسز شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

XS
SM
MD
LG