رسائی کے لنکس

امریکی صدر کی حلف برداری پر 20 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے


ڈونالڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری کی تیاریوں اور آئندہ پورا ہفتہ جاری رہنے والی تقریبات پر لگ بھگ 20 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے۔

امریکی صدر کی تقریبِ حلف برداری کوئی سستا کام نہیں بلکہ اس پر کروڑوں ڈالر خرچ آتا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق آج ہونے والی ڈونالڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری کی تیاریوں اور آئندہ پورا ہفتہ جاری رہنے والی تقریبات پر لگ بھگ 20 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے۔ اس میں سے آدھی رقم ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں سے جمع کیے جانے والے عطیات اور باقی آدھی سرکاری خزانے سے ادا کی جائے گی۔

اخبار کے مطابق سب سے زیادہ خرچ تقریبات کی سکیورٹی پر آئے گا جس پر ایک اندازے کے مطابق 10 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔ نومنتخب امریکی صدر کی تقریبِ حلف برداری کی سکیورٹی کے لیے لگ بھگ تین درجن ریاستی، مقامی اور فیڈرل اداروں کے 28 ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔

ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے تقریبِ حلف برداری کے انتظامات کی نگرانی کے لیے بنائی جانے والی کمیٹی نے مہینوں کی محنت کے بعد کارپوریشنوں، کاروباری شخصیات، اور نومنتخب صدر کے حامی عام شہریوں سے 10 کروڑ ڈالر جمع کیے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل کسی امریکی صدر کی اِن آگریشن کےلیے سب سے زیادہ عطیات اکٹھے کرنے کا ریکارڈ صدر اوباما کی ٹیم نے قائم کیا تھا جس نے 2009 میں ان کی حلف برداری کی تقریبات کے لیے لگ بھگ ساڑھے پانچ کروڑ ڈالرجمع کیے تھے۔

XS
SM
MD
LG