انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنا لیے ہیں۔
ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور انتہائی پراعتماد انداز میں پاکستانی باؤلروں کا مقابلہ کیا۔
انگلینڈ کا اسکور جب 116 تک پہنچا تو ابتدائی بلے باز معین علی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 35 رنز بنائے تھے۔
کپتان ایلسٹر کک نے قائدانہ کردار نبھاتے ہوئے ذمہ داری بیٹنگ جاری رکھی جنہیں این بیل کا ساتھ دستیاب رہا۔
بیل 63 رنز بنا کر جب آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کا مجموعی اسکور 281 رنز تھا۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ووڈ تھے جو صرف چار رنز بنا سکے۔
تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو کک 168 رنز پر کھیل رہے تھے جب کہ روٹ نے ابھی تین ہی رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے دو اور عمران خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 590 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ختم کردی تھی۔
پاکستان کی طرف سے شعیب ملک نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی ڈبل سینچری اسکور کی۔ انھوں نے 245 رنز بنائے تھے۔ اسد شفیق 107 اور محمد حفیظ 98 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان کی میزبانی میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جا رہی ہے۔