انگلینڈ نے بھارت کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 8 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 0-4 سے جیت لی ہے۔
اوول میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے آخری روز پیر کو جب بھارت نے فالو آن ہونے کے بعد اپنی دوسری اننگز کا آغاز 129 رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر کیا تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 162 رنز درکار تھے۔
تاہم بھارت کے پوری ٹیم 283 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔ بھارت کے اسٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر اس میچ میں بھی اپنی 100 ویں ٹیسٹ سینچری نہ بنا سکے اور 91 کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انگلینڈ کی جانب سے گریم سوان نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل جمعرات کو شروع ہونے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور ہفتہ کو 591 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ میزبان ٹیم کی طرف سے ایان بیل نے 235 اور کیون پیٹرسن نے 175 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بھارت کو ایک بڑا ہدف دینے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
جواباً بھارت کی پوری ٹیم 300 کے مجموعی اسکور پر آئوٹ ہوگئی تھی جس کے بعد فالو آن ہوجانے کے باعث جب مہمان ٹیم نے 291 رنزکے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری باری کا آغاز کیا تو پوری ٹیم سیریز کے گزشتہ تین میچز میں دکھائی گئی کارکردگی کے عین مطابق 283 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
سیریز کا تیسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کے بعد انگلینڈ ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر آگیا تھا جبکہ عالمی چیمپئن بھارت کی ٹیم پہلی پوزیشن سے محروم ہوکر تیسری پوزیشن پر چلی گئی ہے۔
درجہ بندی میں تنزل اور سیریز کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے میں مسلسل ناکامی کے باعث بھارت کی ٹیم کو سابق کھلاڑیوں اور کھیلوں کے شائقین کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا تھا جس میں آج کی شکست کے بعد مزید شدت آنے کا امکان ہے۔
اپنے حالیہ دورے کے دوران بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 31 اگست کو مانچسٹر میں ایک ٹوئنٹی 20 میچ کھیلے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز ہوگی۔