وسیم اکرم کا کہناہے کہ محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو آئی سی سی نے تیسیر ی بار غیر قانونی قرار دے کر پابندی لگا دی ہے۔ اب اُنہیں بالنگ کا ایکشن درست کرنے پر وقت ضائع کرنے کی بجائے بیٹنگ پر توجہ دینی چاہئیے۔ اُن کا کہنا ہے کہ حفیظ کو یہ فیصلہ پابندی سے قبل ہی کر لینا چاہئیے تھا۔
پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ کے عظیم بالر وسیم اکرم نے حفیظ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ باؤلنگ چھوڑ دیں اور اپنی تمام تر توجہ بیٹنگ کو مزید بہتر بنانے پر صرف کریں تاکہ وہ مزید چند برس پاکستانی ٹیم کیلئے کھیل سکیں۔
محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے آئی سی سی نے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں اُس وقت تک بالنگ نہیں کرا سکیں گے جب تک وہ اپنے ایکشن کو دست نہیں کر لیتے۔آئی سی سی کے اس فیصلے سے قبل انگلینڈ میں حفیظ نے بالنگ کا ٹیسٹ دیا تھا اور بایومکینکس لبارٹری نے آئی سی سی کو اطلاع دی تھی کہ حفیظ نے ٹیسٹ کے دوران کل 24 گیندیں کرائیں جن میں سے صرف 6 گیندیں مقررہ 15 ڈگری زاویے کی حد کے اندر تھیں جبکہ باقی تمام اس سے زیادہ تھیں۔
وسیم اکرم کہتے ہیں کہ حفیظ کو رپورٹ کئے جانے سے پہلے ہی بالنگ چھوڑ دینی چاہئیے تھی۔ اُن کا کہنا ہے ، ’’میرے خیال میں حفیظ کو احساس ہی نہیں ہے کہ وہ بہت زیادہ بالنگ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ تھک جاتے ہیں اور پھر شاید اُن کی کہنی آئی سی سی کی طرف سے مقرر کردہ 15 ڈگری کی حد سے زیادہ مُڑ جاتی ہے۔ ‘‘
پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حفیظ کی آل راؤنڈ کارکردگی پاکستانی ٹیم کیلئے اہم رہی ہے اور اُنہوں نے ٹیم کیلئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ تاہم آئی سی سی کی طرف سے بالنگ کے قوانین میں تبدیلی کے بعد اُنہیں یہ فیصلہ جلد کر لینا چاہئیے تھا۔
37 سالہ حفیظ نے 12 ماہ کی پابندی کے بعد آسٹریلیہ کے شہر برسبین میں ٹیسٹ پاس کرتے ہوئے گزشتہ دسمبر میں ہی بالنگ دوبارہ شروع کی تھی۔ وسیم اکرم کہتے ہیں کہ حفیظ تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور اب اُنہیں اپنی بیٹنگ کو مزید بہتر بنانے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی۔
حفیظ نے آئی سی سی کی طرف سے پابندی کے بعد بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہےتاکہ وہ اپنا بالنگ ایکشن درست کرنے پر توجہ دے سکیں۔ وہ LUM’s یونیورسٹی میں قائم پاکستان کرکٹ بوردڈکی بایو مکینکس لبارٹری میں اپنا ایکشن درست کرنے پر کام کریں گے۔
اُدھر پاکستان کے عظیم آف سپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ اور محمد حفیظ نے اُن سے رابطہ کیا تو وہ حفیظ کا بالنگ ایکشن ایک ماہ کے اندر ٹھیک کرنے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جب اُن پر پابندی لگی تھی تو ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد نے بالنگ ایکشن درست کرنے میں اُن کی مدد کی تھی۔