رسائی کے لنکس

آخری ٹی20، میں انگلینڈ کی جیت


آخری ٹی20، میں انگلینڈ کی جیت
آخری ٹی20، میں انگلینڈ کی جیت

تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 رن سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔

پیر کو ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رن بنائے تھے۔

جواباً پاکستان کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 124 رن بنا پائی۔ انگلینڈ کے کیون پیٹرسن کو سیریز اور میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان نے 130 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو دوسرے ہی اوور میں اوپنر محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اویس ضیا اور اسد شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں پاکستان کا اسکور 48 رن تک پہنچایا۔ اویس 23 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے اسد شفیق ٹاپ اسکورر رہے جو 13 ویں اوور کے آغاز میں 34 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا مجموعی اسکور 76 رن تھا۔

19 ویں اوور کی تیسری گیند پر عمر اکمل 22 رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 19 ویں اوور کے اختتام پر پاکستان کا اسکور 117 رن تھا اور اسے میچ جیتنے کے لیے 6 بالوں پر 13رن درکار تھے۔

آخری اوور کی دوسری گیند پر سابق کپتان شاہد آفریدی دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

آخری گیند پر پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 6 رن درکار تھے لیکن کپتان مصباح الحق چھکا مارنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔ انہوں نے 28 رن بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈرن بیچ نے 2 اور اسٹورٹ براڈ اور گریم سوان نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کا آغاز ہوا تو انگلش کھلاڑیوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا لیکن انگلش اوپنر کیون پیٹرسن آخری وقت تک وکٹ پہ موجود رہے اور اپنی کارکردگی کی بدولت انگلش ٹیم کو بہتر اسکور کرنے میں مدد دی۔

پیٹرسن نے 52 گیندوں پر 62 رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

XS
SM
MD
LG