پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ بدھ کے روز کوئنز ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔ چھ میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی جانب سے میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے دعویٰ کیے گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث انہیں امید ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم بیک کرے گی۔
میچ کی پریکٹس کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں آفریدی کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی ورلڈ کپ سے قبل کھیلی جانے والی اس سیریز کے باقی تمام میچز جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرٰں گے ۔ انہوں نے دوسرے ون ڈے سے قبل ٹیم میں کچھ تبدیلیاں لانے کا بھی عندیہ دیا۔
کیوی کپتان ڈینیل ویٹوری کا کہنا ہے کہ جس طرح پاکستانی ٹیم نے پہلے ون ڈے میں شکست کھائی ہے اس کے بعد انہیں امید ہے کہ وہ پوری قوت کے ساتھ کم بیک کرے گی۔
تاہم انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کی پرفارمنس سے مطمئن ہیں اور اسے برقرر رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بیٹنگ لائن کیویز کے آگے بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 3ء 37اوورز میں صرف 124 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ ہدف اٹھارویں اوور میں محض ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
مہمان ٹیم کی طرف سے مصباح الحق 50 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔