سری لنکا نے ابوظہبی میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے ہیں اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری کو ختم کرنے کے لیے مزید 16 رنز درکار ہیں۔
جمعہ کو جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو کمار سنگا کارا 161 رنز جب کہ پرسانا جیے وردنے 25 کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے تھے۔
سری لنکا کی پہلی اننگز کے 197 رنز کے جواب میں پاکستان نے میچ کے تیسرے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 511 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان کی طرف سے سب سے نمایاں بلے باز توفیق عمر رہے جنہوں نے 236 رنز بنائے۔
پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جانے والی اس سیریز میں دونوں ملکوں کے درمیان تین ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔ ملک میں سلامتی کے خدشات کے باعث پاکستانی ٹیم حالیہ چند سالوں سے خلیج کے ملکوں میں ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کر رہا ہے۔