ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ انگلینڈ میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوران جو شرٹس پہنے گی اس پر 'بلیک لائیوز میٹر' تحریر ہو گا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچز کے دوران کھلاڑی جو شرٹس پہنیں گے اس کے کالر پر ‘بلیک لائیوز میٹر’ لوگو چسپاں ہو گا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق کھلاڑیوں کو تجویز کردہ لوگو والی شرٹس ہی پہننے کی اجازت ہو گی۔
ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر نے کہا ہے کہ سیاہ فام افراد سے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہمارا فرض ہے۔ یہ کرکٹ اور ویسٹ انڈیز ٹیم کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ میں پولیس کی تحویل میں ہلاک ہونے والے ایک سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ سے اظہارِ یکجہتی اور نسل پرستی کے خلاف دنیا بھر میں 'بلیک لائیوز میٹرز' تحریک تلے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
کرکٹ کے حلقوں میں بھی سیاہ فام افراد سے اظہارِ یکجہتی کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔
ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ "ہم دنیا بھر میں ہونے والے واقعات اور انصاف و مساوات کی جنگ سے بہ خوبی واقف ہیں۔"
اُن کے بقول نسل پرستی کے خلاف ڈوپنگ اور میچ فکسنگ کی طرح کا سنجیدہ سلوک اختیار کیا جانا چاہیے۔
جیسن ہولڈر کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کی جانب سے سیاہ فام افراد سے اظہارِ یکجہتی کی حمایت کی جا رہی ہے۔
ویسٹ انڈیز ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے بھی گزشتہ ماہ اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو سیاہ فام افراد سے ہونے والی زیادتی پر اب بولنا ہو گا۔