بنگلہ دیش نے کرکٹ ورلڈ کپ کے پول اے کے ایک میچ میں اسکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
جمعرات کو نیلسن میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کی ٹیم نے ورلڈ کپ میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر اپنا سب سے زیادہ مجموعی اسکور یعنی 318 رنز بنا کر حریف کو ایک مشکل ہدف دیا۔
ابتدائی بلے باز کائل کوئٹز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے شاندار 156 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم دیگر بلے باز کوئی بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے تسکین احمد نے تین، ناصر حسین نے دو جب کہ مشرفی مرتضیٰ، شکیب الحسن اور صابر رحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش کی ٹیم نے 319 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے یہ میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا۔
بنگلہ دیش کی طرف سے تمیم اقبال 95، محمداللہ 62، مشفق الرحیم 60 اور شکیب الحسن 52 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
اسکاٹ لینڈ کے ڈاوی نے دو جبکہ وارڈلا اور ایوانز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پول اے میں بنگلہ دیش چوتھے جب کہ اسکاٹ لینڈ ساتویں یعنی آخری نمبر پر ہے۔