رسائی کے لنکس

کیوبا میں قید امریکی شہری کی سزا کے خلاف اپیل


ایلن گروس کی اہلیہ ایک امریکی وکیل کے ہمراہ عدالت آرہی ہیں
ایلن گروس کی اہلیہ ایک امریکی وکیل کے ہمراہ عدالت آرہی ہیں

کیوبا میں 15 برس سزائے قید کا سامنا کرنے والے ایک امریکی شہری نے اپنی سزا کے خلاف ملک کی اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کردی ہے۔

جمعہ کو ہونے والی سماعت کے دوران امریکی کنٹریکٹر ایلن گروس نے عدالت کو بتایا کہ وہ مواصلاتی آلات کی مرمت کے سلسلے میں کیوبا آیا تھا اور اس کے دورے کا مقصد کمیونسٹ ملک کو کوئی نقصان پہنچانا نہیں تھا۔ گروس کے بقول وہ صرف ایک مقامی یہودی آبادی کو حاصل انٹرنیٹ کی سہولت بہتر بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔

کیوبن حکام نے گروس کو 2009ء کے اواخر میں اس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ امریکہ کی ایجنسی برائے عالمی امداد 'یو ایس ایڈ' کے ایک جمہوریت پسند خفیہ پروگرام پر کام کر رہا تھا جس کا مقصد کیوبا میں عوام کی انٹرنیٹ تک رسائی کو بہتر بنانا تھا۔

ایک عدالت نے رواں برس مارچ میں کیوبا کےخلاف جرائم کے ارتکاب کے الزام کے تحت ایلن گروس کو 15 برس قید کی سزا سناتے ہوئے جیل بھیج دیا تھا۔

سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ گروس کی اپیل کا فیصلہ آئندہ چند روز میں سنادیا جائے گا۔

امریکہ کے سابق صدر جمی کارٹر نے مارچ میں کیوبا کا دورہ کرکے امریکی کنٹریکٹر سے ملاقات کی تھی اور کیوبن حکام سے اسے رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ کیوبا میں قید امریکی شہری کی والدہ اور بیٹی کینسر کے مرض کا شکار ہیں اور ان کی جانب سے بھی کیوبا سے گروس کو انسانی بنیادوں پر رہا کرنے کی اپیلیں کی گئی ہیں۔

امریکہ اور کیوبا کے درمیان روایتی سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور دونوں ممالک ہوانا اور واشنگٹن میں موجود سوئزرلینڈ کے سفارت خانوں میں قائم 'انٹرسٹ سیکشنز' کے ذریعے سفارتی امور انجام دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG