'مسٹر پرفیکشنسٹ'، یعنی عامر خان قسمت کے دھنی ہیں، جس فلم کو ہاتھ لگاتے ہیں وہ سونا بن جاتی ہے۔ کچھ سال پہلے ’گجنی‘ بنائی اور اسے سو کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی پہلی فلم بنا دیا۔
اب ’دنگل‘ بنائی ہے تو اسے ایک ہزار کروڑ کا بزنس کرنے والی بھارت کی پہلی فلم بنا دیا۔ ۔۔ہوئے نا آخر وہ قسمت کے دھنی۔۔!!
’دنگل‘ کو چین میں بھی ریلیز ہونے کا موقع ملا اور جہاں اس نے دو ہفتے سے بھی کم وقت میں دو سو کروڑ کا بزنس کر لیا۔
ان دو سو کروڑ کے بعد وہ دنیا بھر کے باکس آفس پر اب تک 1045 کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی بھارت کی پہلی فلم بن گئی ہے۔
’اکنامکس ٹائمز‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے:
'’عامر خان کی اب تک کسی اور فلم نے بھی اس قدر بزنس نہیں کیا۔ چینی باکس آفس پر ’دنگل‘ کی کامیابی سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ وہاں بالی ووڈ فلموں کی کس قدر زیادہ ڈیمانڈ ہے۔‘‘
ادھر بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ چین میں عامر خان سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے بھارتی فنکاروں میں بھی سرفہرست ہیں۔