اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ پاکستان میں بھارتی فلمیں اور بھارت میں پاکستانی ٹی وی ڈرامے نہایت پسند کیے جاتے ہیں۔ لیکن، تصویر کا ایک دوسرا رخ بھی ہے کہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں اتار چڑھا دونوں پڑوسی ملکوں کی فلم انڈسٹریز کے مل کر کام کرنے کی کوششوں پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔
ایسے میں پاکستان اور بھارت سے باہر ہونے والے فلمی میلے جہاں ان ملکوں کی ثقافت کو فلموں کے ذریعے ایک جگہ اکٹھا کرتے ہیں وہیں اس صنعت سے وابستہ لوگوں کو بھی قریب لانے کا باعث بنتے ہیں۔
واشنگٹن میٹروایریا میں ہونے والا ڈی سی ساوتھ ایشین فلم فیسٹیول بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جہاں پاکستان اور بھارت سمیت بنگلہ دیش، نیپال اور افغانستان کی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد اکٹھے ہوتے ہیں۔
رواں سال کے اس فلمی میلے میں بھارتی فلم انڈسٹری سے بھارت کے معروف فلم میکر بونی کپور اور لائف آف پائی کے اداکار سورج شرما سمیت ہدایت کارہ زویا اختر اور پاکستانی ہدایت کارہ مہرین جبار نے شرکت کی۔
بونی کپور نے سال 2017 میں اپنی مرحومہ بیوی سری دیوی کی آخری فلم میں دو پاکستانی اداکاروں عدنان صدیقی اور سجل علی کو اہم کرداروں میں کاسٹ کیا تھا۔۔ اس کے باوجود کہ سال 2016 میں ایک بڑی بھارتی فلم ’’ اے دل ہے مشکل ‘‘ کی بھارت میں ریلیز ایک پاکستانی اداکار فواد خان کی موجودگی کے باعث مشکل میں پڑ گئی تھی اور پھر جواب میں پاکستان نے بھارتی فلموں پر پابندی بھی عائد کر دی تھی۔
وائس آف امریکہ سے خصوصی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدنان صدیقی اور سجل علی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی اداکاروں کے ساتھ مزید کام کریں لیکن ان کے مطابق ایک شخص کے چاہنے سے کچھ نہیں ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ میں پہلے تو دعا کروں گا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہوں تاکہ اور بھی زیادہ مل جل کر کام کیا جائے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ میں اکیلا کچھ نہیں کرسکتا اس بارے میں۔ پہلے دونوں میں ملکوں میں امن ہو ۔ حکومتیں ایک صفحے پر ہوں کیونکہ امن ایک فنکار کی بہترین صلاحیتوں کو سامنے لاسکتا ہے
فلم لائف آف پائی سے عالمگیر شہرت پانے والے نوجوان بھارتی اداکار سورج شرما کی رائے میں تعلقات کی بہتری کے لیے آرٹ کے علاوہ دوسرے شعبوٕں میں روابط بڑھانے کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جانا چا ہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ایک ہی دروازہ کھولنے کا فائدہ نہیں ہر شعبے میں تعاون ہونا چاہئے۔
ڈی سی ساوتھ ایشین فلم فیسٹیول کے آرگنائزرز منوج اور گیتا سنگھ کا کہنا ہے کہ جب وہ ایسی مثبت باتیں ہوتی دیکھتے ہیں تو ان کے اس میلے کو منعقد کرنے کا مقصد پورا ہوتا نظر آتا ہے۔ ان کے مطابق اس میلے کا مقصد لوگوں کو مختلف ثقافتوں سے روشناس کروانا اور قریب لانا ہے ۔
اس میلے میں بونی کپور کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور سورج شرما کو رائزنگ سٹار کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ پاکستانی ڈاکیومنٹری فلم The Unknown Mountaineers کو بہترین ڈاکیومنٹری کا ایوارڈ دیا گیا۔