رسائی کے لنکس

غیر قانونی تارکینِ وطن کی امریکہ بدری میں موبائل فنگر پرنٹنگ ایپ کا مؤثر استعمال


میکسیکو اور امریکہ کے بارڈر پر امریکی حکام پناہ کی درخواست گزار ایک خاتون کے فنگر پرنٹ لے رہے ہیں۔ (فائل فوٹو)
میکسیکو اور امریکہ کے بارڈر پر امریکی حکام پناہ کی درخواست گزار ایک خاتون کے فنگر پرنٹ لے رہے ہیں۔ (فائل فوٹو)

امریکہ میں امیگریشن ایجنٹ انگلیوں کے نشانات حاصل کرنے کے لیے ایک موبائل ایپ کا استعمال کر رہے ہیں تا کہ دور دراز علاقوں میں میں موجود غیر قانونی تارکینِ وطن کی انگلیوں کے نشانات محفوظ کر سکیں۔

فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ کے تحت دائر ایک مقدمے کے ذریعے سامنے آنے والی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ ایپ غیر قانونی تارکینِ وطن کی امریکہ سے واپسی کی پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایڈی نامی یہ ایپ، امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ ایجنٹوں کو تارکینِ وطن کو اپنے ملکوں میں واپس بھیجنے میں مدد گار ثابت ہو رہی ہے۔ یہ ایسے افراد ہوتے ہیں جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مختلف کارروائیوں کے دوران پکڑے جاتے ہیں اور تفتیش کے دوران ان کے غیر قانونی تارکینِ وطن ہونے کا انکشاف ہوتا ہے۔

ناقدین کہتے ہیں کہ اس ایپ سے تارکینِ وطن کے نسلی بنیادوں پر پروفائل بنانے کے عمل میں تیزی آئی ہے۔

امریکی امیگریشن اور بارڈر ایجنٹ عام طور پر اس موبائل ایپ کو استعمال کرتے ہیں۔ اس سے حاصل کردہ انگلیوں کے نشانات بائیو میٹرک ڈیٹا میں شامل کر لیے جاتے ہیں۔

فنگرپرنٹ سکینرایپ سمارٹ فونز پر بھی کام کرتا ہے۔
فنگرپرنٹ سکینرایپ سمارٹ فونز پر بھی کام کرتا ہے۔

ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی کے تجویز کردہ ایک قانون میں شہریت نہ رکھنے والوں کی انگلیوں کے نشانات کے ساتھ ساتھ چہرے، آنکھ اور ہتھیلی کے نشانات اور ان کے ڈی این اے کو بھی محفوظ کرنے کا کہا گیا ہے۔

ایک غیر منافع بخش تنظیم 'جسٹ فیوچرز لا' سے وابستہ پرومیتا شا کہتی ہیں کہ ایڈی نامی یہ ایپ نگرانی اور جواب دہی کو نظر انداز کرنے کا ایک راستہ ہے۔ اس سے ایجنٹوں کو عوامی نگرانی سے ہٹ کر لوگوں کو گرفتار کرنے اور پوچھ گچھ کرنے کا راستہ مل جاتا ہے۔

لیکن امیگریشن کے سرکاری ادارے کے ترجمان مائیک ایلویرز ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایپ فیلڈ میں کام کرنے والے ایجنٹوں کو دور دراز علاقوں میں انگلیوں کے نشانات چیک کرنے میں مدد دیتی ہے اور یہ ایف بی آئی اور محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے پاس موجود ڈیٹا سے ہٹ کر ہے۔

مارچ میں عالمی وبا کی وجہ سے بارڈر پیٹرول ایجنٹوں کو غیر معمولی اختیارات ملے۔ ان ایجنٹوں نے موبائل فنگر پرنٹ ایپ کو استعمال کرتے ہوئے متعدد تارکینِ وطن کو پناہ حاصل کرنے کا موقع دیے بغیر فوری واپس میکسیکو بھیج دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG