رسائی کے لنکس

خیبر پختونخوا میں شدید بارشیں، بنوں ڈویژن میں 27 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیبر پختونخوا میں شدید بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جب کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق بنوں سمیت تین جنوبی اضلاع میں بارش کے دوران حادثات کی وجہ سے 27 افراد ہلاک جب کہ 146 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز اندھی اور شدید بارش لکی مروت،کرک اور بنوں میں اموات ہوئی ہیں جب کہ زخمیوں کو طبی امداد کےلیے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

صوبائی محکمے کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات کے سبب 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب صوبے کے سیکریٹری ریلیف نے کہا ہے کہ متاثرین کو امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات ہو رہےہیں۔ البتہ انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہاں پر کیا انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی حکومت کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے نے ضلع بنوں کے متاثرین کے لیے چار کروڑ روپے کے اجرا کا بھی اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

بنوں کے کمشنر پرویز خان نے ضلعے میں 17 اموات کی تصدیق کی جب کہ ریسکیو 1122 کے مطابق بنوں میں بارشوں سے اب تک 60 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

کمشنر پرویز خان کا کہنا تھا کہ بارشوں کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے متعلق مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں جبکہ اموات میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

کمشنر بنوں نے بتایا کہ شدید بارشوں اور طوفان کے نتیجے مختلف دیہاتوں میں گھروں اور دیگر املاک کی چھتیں اور دیواریں گر گئی ہیں۔ اسی طرح کئی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے بھی نقصانات ہوئے ہیں۔

کمشنر کے مطابق اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جب کہ بنوں ڈویژن کے تینوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر خان نے ایک بیان میں کہا کہ آندھی اور طوفان کےمیں زیادہ تر حادثات چھتیں اور دیواریں منہدم ہونے کے باعث پیش ہوئے۔

بنوں سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی محمد وسیم نے رابطے پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جانی نقصان کے علاوہ ژالہ باری سے بنوں کے اکثر علاقوں میں فصلوں اور باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک برساتی نالے میں درجنوں مویشی بہہ جانے کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں سے بنوں ڈویژن میں 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

XS
SM
MD
LG