رسائی کے لنکس

لبنان: بیروت میں خودکش حملے، 37 افراد ہلاک


دھماکوں کے بعد جائے واقعہ کا منظر
دھماکوں کے بعد جائے واقعہ کا منظر

دھماکوں کا نشانہ بننے والا علاقہ لبنان کی شیعہ مسلح تنظیم 'حزب اللہ' کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے اور ماضی میں بھی بم حملوں اور دھماکوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔

لبنان کے دارالحکومت بیروت کے شیعہ اکثریتی علاقے میں ہونے والے دو خود کش حملوں میں کم از کم 37 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق دونوں دھماکے جمعرات کو دارالحکومت کے جنوب میں مصروف کاروباری اور رہائشی علاقے برج البراجنہ میں چند منٹ کے وقفے سے ہوئے۔

دھماکوں کا نشانہ بننے والا علاقہ لبنان کی شیعہ مسلح تنظیم 'حزب اللہ' کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے اور ماضی میں بھی بم حملوں اور دھماکوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔

لبنان کے وزیرِ داخلہ نھاد المشنوق نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد تین تھی جنہوں نے اپنے جسم پر بارودی مواد باندھ رکھا تھا۔

وزیرِ داخلہ کے مطابق ایک خود کش بمبار نے علاقے میں واقع ایک کمیونٹی سینٹر جب کہ دوسرے نے ایک نزدیکی بیکری کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ حملہ آوروں کا تیسرا ساتھی پہلے دھماکے میں مارا گیا۔

حکام کے مطابق حملے جس مقام پر ہوئے ہیں وہ حزب اللہ کے زیرِ انتظام چلنے والے ایک اسپتال کے نزدیک واقع ہے۔

دونوں دھماکوں میں کم از کم 40 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جنہیں بیروت کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

دھماکوں کے بعد لبنان کی فوج نے جنوبی علاقے کی طرف جانے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی ہے جب کہ 'حزب اللہ' نے بھی اپنے جنگجووں کا چوکس کردیا ہے۔

XS
SM
MD
LG