رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان میزائل حملے میں تین ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں بدھ کو مبینہ امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں کم از کم تین مشتبہ عسکریت پسند ہلا ک ہو گئے ہیں۔ انٹیلی جنس عہدیداروں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ بغیر پائلٹ کے طیارے سے داغے گئے میزائلوں کا ہدف حیدر خیل نامی گاؤں میں مشتبہ عسکریت پسندوں کا ایک مکان تھا۔

میزائل حملے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ رواں سال کے پہلے مہینے میں اب تک شمالی وزیر ستان میں کم از کم پانچ ایسے حملے ہوچکے ہیں اور یکم جنوری کو کم ازکم تین میزائل حملوں میں 15 مشتبہ جنگجو مارے گئے تھے۔

سال2010ء میں پاکستان کے قبائلی علاقوں میں لگ بھگ 120ایسے مبینہ امریکی میزائل حملوں میں سے زیادہ تر کا ہدف شمالی وزیرستان میں طالبان اور القاعدہ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے تھے۔

افغان سرحد سے ملحقہ یہ قبائلی علاقہ افغان طالبان کے حقانی نیٹ ورک کا گڑھ مانا جاتا ہے اور زیادہ تر حملوں کا نشانہ اسی گروہ کے ٹھکانے تھے۔ باور کیا جاتا ہے کہ مقامی شدت پسندوں کی مدد سے یہ جنگجو سرحد پار امریکی اور نیٹو افواج پر حملوں میں ملوث ہیں۔

XS
SM
MD
LG