رسائی کے لنکس

دبئی: اونٹ ریس کےلیے روبوٹ جوکی فروخت کرنے والا گروہ گرفتار


دبئی کی پولیس نے ریس میں دوڑنے والے اونٹوں کو مزید تیز بھاگنے پر مجبور کرنے کیلیے بنائے گئے روبوٹ جوکی فروخت کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق دبئی کی پولیس کی جانب سے جمعرات کے روز خفیہ طور پر کی گئی ایک کاروائی کے دوران روبوٹ جوکی فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے گروہ کے دو ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اونٹوں کی ریس عرب ریاست کا معروف کھیل ہے جس کے دوران روبوٹس کا بطورِ جوکی استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم گرفتار شدگان جو روبوٹس فروخت کرنا چاہ رہے تھے وہ اسٹن گنز کے ذریعے اونٹوں کو الیکٹرک شاک لگا کر تیز بھاگنے پر مجبور کرتے ہیں۔

عرب امارات میں اونٹوں کو الیکٹرک شاکس لگانے والے روبوٹس کا بطورِ جوکی استعمال قانونی طور پہ ممنوع ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق گرفتار شدگان کو دبئی کے "الاحباب کیمل ریس کورس" کے نزدیکی علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان کا تعلق ایک ایشیائی ملک سے بتایا جاتا ہے ۔

گرفتار شدگان کے قبضے سے برآمد ہونے والے روبوٹس کی قیمت 820 ڈالر فی عدد ہے جو اونٹ ریس میں عام طور پر بطورِ جوکی استعمال کیے جانے والے روبوٹس سے 30 گنا زیادہ ہے۔

میڈیا کے مطابق دبئی پولیس نے ملزمان کے ساتھی ہونے کے شبہ میں بھی کئی افراد کو پوچھ گچھ کیلیے حراست میں لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG