رسائی کے لنکس

دوسرا ٹیسٹ: ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ پاکستان کی طرف سے یونس خان نے ماسٹر بلاسٹر کا ایوارڈ جیتا اور بہترین کلرفل اننگز کا ایوارڈ سرفراز احمد کے حصے میں آیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دبئی میں کھیلا جانے والا دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ جمعہ کو ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 261 رنز کا ہدف دیا لیکن میچ کے اختتام تک میزبان ٹیم پانچ وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا سکی۔

دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکی۔ اس کی پہلی وکٹ محض آٹھ کے مجموعی اسکور پر گری۔ شان مسعود اور اظہر علی نے ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا لیکن یہ پارٹنرشپ بھی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔

یونس خان اس اننگز میں 44 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 250 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ختم کردی تھی۔ اس اننگز کی سب سے نمایاں کارکردگی ٹیلر کے 104 رنز تھے۔ انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 403 رنز بنائے تھے جس میں لیتھم کے شاندار 137 رنز بھی شامل تھے۔

پاکستان کی ٹیم اس کے جواب میں 393 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

اس میچ میں پاکستان کی طرف سے یونس خان نے ماسٹر بلاسٹر کا ایوارڈ جیتا اور بہترین کلرفل اننگز کا ایوارڈ سرفراز احمد کے حصے میں آیا۔ انھوں نے پہلی اننگز میں 112 رنز اسکور کیے تھے۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک، صفر سے برتری حاصل ہے جو اس نے پہلا میچ 248 رنز سے جیت کر حاصل کی تھی۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 26 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG