نیدرلینڈز کے اسلام مخالف قانون ساز گیرٹ ولڈرز نے کہا ہے کہ انہوں قتل کی دھمکیوں اور ان خدشات کے پیش نظر کہ دوسرے لوگ خطرات میں گھر سکتے ہیں، پیغمبر اسلام کے کارٹون بنانے کا طے شدہ مقابلہ منسوخ کر دیا ہے۔
جمعرات کو جاری ہونے والے ایک تحریری بیان میں ولڈرز نے کہا کہ اسلام پسندوں کے تشدد کے خطرے سے بچنے کے لیے میں نے کارٹونوں کا مقابلہ نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ولڈرز نے، جو اپنے اسلام مخالف بیانات کی وجہ سے ملنے والی قتل کی دھمکیوں کے باعث کئی برسوں سے ہر وقت کڑی حفاظت میں زندگی گزار رہے ہیں، کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ نومبر میں ہونے والے کارٹونوں کے مقابلے سے دوسروں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑیں۔
یہ مقابلہ سخت پہرے میں نیدرلینڈز کی پارلیمنٹ کی عمارت میں ان کی پارٹی کے دفتر میں ہونا تھا۔
اس اعلان کے نتیجے میں پاکستان میں بدھ کے روز مظاہرے ہوئے۔