الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا ہے جس کے بعد اب انتخابات کے دوران عوام صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔
الیکشن کمیشن نے جمعے کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق 25 جولائی کو پولنگ کا عمل بلا کسی تعطل کے 10 گھنٹے تک جاری رہے گا۔
رجسٹرڈ ووٹر صبح 8 سے شام 6 بجے تک حقِ رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق پولنگ کا وقت بڑھانے کا مقصد انتخابی عمل میں عوام کی زیادہ شرکت یقینی بنانا ہے۔
ماضی میں ہمیشہ پولنگ کے اوقات صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک رہے ہیں اور شام 5 بجے کے بعد صرف انہی لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوتی تھی جو پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود ہوں۔
چند روز قبل تحریکِ انصاف نے الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی کہ سخت گرم موسم کے پیشِ نظر پولنگ کے اوقات صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کیے جائیں تاہم الیکشن کمیشن نے اس درخواست کو رد کردیا تھا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے نگراں وزرا کو کام سے روکنے کی وارننگ دے دی ہے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت نگراں وزرا حلف اٹھانے کے تین دن کے اندر اپنے اور اپنے گھر والوں کے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کے پابند ہیں۔
لیکن نگراں وزرا کی اکثریت نے اپنے اور زیرِ کفالت افراد کے اثاثہ جات کی تفصیلات تاحال کمیشن کو جمع نہیں کرائی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کرانے پربرہمی کا ااظہار کیا ہے اور وزرا کو تنبیہہ کی ہے کہ اگر انہوں نے قانون کے مطابق اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کرائیں تو انہیں ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکا بھی جاسکتا ہے۔