رسائی کے لنکس

انتخاب میں حصہ لینے کے لیے السیسی مستعفی


السیسی ٹی وی پر خطاب کر رہے ہیں
السیسی ٹی وی پر خطاب کر رہے ہیں

السیسی نے متنبہ کیا کہ وہ مصر کی کمزور معیشت اور بے روزگاری کی بلند شرح جیسے مسائل کو اکیلے حل نہیں کر سکتے۔

مصر کی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نے مستعفی ہونے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے تاکہ وہ صدارتی انتخابات میں حصہ لے سکیں۔ توقع ہے کہ وہ یہ انتخاب باآسانی جیت جائیں گے۔

بدھ کو ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مصر کو دہشت گردوں سے خطرہ ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کی وقار کے ساتھ تعمیرنو کی جائے۔

السیسی نے متنبہ کیا کہ وہ کمزور معیشت اور بے روزگاری کی بلند شرح جیسے مسائل کو اکیلے حل نہیں کرسکتے لہذا سب کو مصر کی تعمیر نو کے لیے کام کرنا ہے۔

"ہمیں اس ملک کے تشخص اور کردار کو برقرار رکھنا ہے۔ یہ گزشتہ برسوں میں بہت سے مرحلوں سے گزر چکا ہے۔ ہمارا کام اب مصر کی بحالی اور تعمیر نو ہے۔"

السیسی نے مصر کو ایک ایسے ملک سے تعبیر کیا جو عزت کا حقدار ہے اور انھوں نے گزشتہ چند برسوں میں ان کے بقول سیاست اور ذرائع ابلاغ میں گاہے بگاہے غیر ملکی اور علاقائی مداخلت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

"مصر کسی بھی مقامی، علاقائی یا بین الاقوامی گروہ کے لیے کھیل کا میدان نہیں ہے اور نہ کبھی ہو گا۔ ہم کسی اور کے معاملات میں دخل نہیں دیتے اور نہ ہی کسی کو ہمارے معاملات میں مداخلت کی اجازت دیں گے۔"

السیسی کی طرف سے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی بڑے پیمانے پر توقع کی جا رہی تھی اور بظاہر انھیں مصر کی طاقت ور فوج کی حمایت بھی حاصل ہوگی۔

وہ ملک کے وزیر دفاع کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں اور گزشتہ سال صدر محمد مرسی کو برطرف کیے جانے میں ان کا کردار کلیدی رہا ہے۔

بدھ ہی کو سکیورٹی فورسز اور برطرف صدر کے حامیوں کے درمیان ہونے والی ایک جھڑپ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ قاہرہ یونیورسٹی کے قریب ہونے والی اس جھڑپ میں حکام کے مطابق آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے۔
XS
SM
MD
LG