رسائی کے لنکس

مصر: السیسی نے عہدہ صدرات کا حلف اٹھا لیا


عبدالفتاح السیسی (فائل فوٹو)
عبدالفتاح السیسی (فائل فوٹو)

عبدالفتاح السیسی سابق صدر حسنی مبارک کے دور حکومت میں فوجی انٹیلی جنس کے سربراہ رہ چکے ہیں اور انھیں بعد میں فوج کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

مصر کی فوج کے سابق سربراہ عبدالفتاح السیسی نے ملک کے عہدہ صدارت کا حلف اٹھا لیا۔ گزشتہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخاب میں انھیں متوقع طور پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

تقریب حلف برداری اتوار کو دارالحکومت قاہرہ میں اعلیٰ ترین آئینی عدالت میں منعقد ہوئی۔
تقریباً ایک سال قبل انھوں نے ملک کے پہلے جمہوری منتخب صدر محمد مرسی کو برطرف کر کے امور حکمرانی ایک عبوری حکومت کے حوالے کیے تھے۔

محمد مرسی کی جماعت اخوان المسلمین نے صدارتی انتخاب کا بائیکاٹ کیا تھا جب کہ گزشتہ سال ہی سے اس جماعت کے خلاف بڑے پیمانے پر کیے جانے والے کریک ڈاؤن میں سینکڑوں کارکنوں اور رہنماؤں کو حراست میں لے کر ان پر مقدمات چلائے جاتے رہے ہیں۔

السیسی یہ کہہ چکے ہیں کہ اخوان المسلمین کا مصر میں کوئی مستقبل نہیں ہے۔

نئے صدر کو ملک میں جاری پرتشدد واقعات اور خراب اقتصادی صورتحال جیسے چیلنجز کا سامنا ہوگا۔

السیسی کے بیشتر مخالفین ان خدشات کا اظہار کررہے ہیں کہ ملک مطلق عنانیت کی طرف واپس لوٹ جائے گا جیسا کہ مصر میں سابق صدر حسنی مبارک کے تقریباً تین دہائیوں پر مشتمل دور میں تھا۔

السیسی مسٹر مبارک کے دور حکومت میں فوجی انٹیلی جنس کے سربراہ رہ چکے ہیں اور انھیں بعد میں فوج کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

عبدالفتاح السیسی مصر کے پانچویں صدر ہیں جن کا تعلق فوج سے رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG