مصر کے سیاحتی علاقے ہردقہ میں ایک ہوٹل پر دو مسلح افراد نے حملہ کیا جس میں تین غیر ملکی سیاح زخمی ہو گئے۔
مصر کی وزارت دفاع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں آسٹریلیا کے دو، جب کہ سویڈن کا ایک شہری شامل ہے۔
حکام کے مطابق ایک حملہ آور مارا گیا جب کہ دوسرا حکام کی تحویل میں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور ’ائیر گن‘ اور چاقوؤں سے لیس تھے۔
مصر میں حکام کے مطابق اس بارے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ابتدا میں یہ خبر سامنے آئی تھی حملہ آوروں میں سے ایک نے خودکش حملے میں استعمال ہونے والی ’جیکٹ‘ پہن رکھی تھی۔
مصر کو حالیہ برسوں میں دہشت گردی کا سامنا رہا ہے۔
گزشتہ سال 31 اکتوبر کو مصر کے علاقے ’صحرائے سینا‘ میں روس کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس سے اُس میں سوار 224 افراد ہلاک ہو گئے جن میں اکثریت اُن سیاحوں کی تھی جو اپنے وطن واپس جا رہے تھے۔
قاہرہ کا کہنا ہے کہ اُسے ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ طیارے کا حادثہ دہشت گردی کے باعث پیش آیا تاہم روس اور مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے کا واقعہ اس میں رکھے گئے بارودی مواد میں دھماکے سبب ہوا۔
شدت پسند گروہ داعش نے دعویٰ کیا تھا کہ اُس نے طیارے میں دھماکا خیز مواد رکھا تھا۔