رسائی کے لنکس

مصر: اشتعال انگیز رویہ قابلِ مذمت ہے: وائٹ ہاؤس


مصر: اشتعال انگیز رویہ قابلِ مذمت ہے: وائٹ ہاؤس
مصر: اشتعال انگیز رویہ قابلِ مذمت ہے: وائٹ ہاؤس

گِبز نے کہا کہ امریکی صدر کی صدر مبارک سے ہونے والی گفتگو ‘سیدھی، بے تکلف اور واضح تھی’۔ یہ بتائے بغیر کہ صدر کے اصل الفاظ کیا تھے، اُنھوں نے بتایا کہ صدر نے اپنے پیغام میں صدر مبارک پر واضح کردیا کہ تبدیلی کا وقت آن پہنچا ہے

امریکی صدر براک اوباما کے ایک ترجمان نے بدھ کے روز قاہرہ میں ہونے والے پُرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اُنھیں ‘انتہائی ظالمانہ اور قابلِ مذمت’ قرار دیا۔

عہدے دار نے کہا کہ مسٹر اوباما نے مصری صدر حسنی مبارک پر واضح کردیا ہے کہ عبوری دور کا لمحہ آچکا ہے۔
وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری رابرٹ گِبز نے کہا کہ صدر اوباما اِس بات کے خواہاں ہیں کہ قاہرہ کی سڑکوں پر تشدد کے واقعات بند ہوں اور عبوری دور کا آغاز ہو۔

ترجمان نے کہا کہ صدر اور اُن کی انتظامیہ نے آج قاہرہ کی سڑکوں پر ہونے والے تشدد کے واقعات کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اِنھیں انتہائی ظالمانہ اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔ اُن کے بقول، اِس سارے عرصے کے دوران ہم یہی کہتے رہے ہیں۔ ظاہر ہے، اگر ہنگامہ آرائی کے لیے کسی طرح کا اشتعال خود حکومت کی طرف سے سامنے آئے، تو اِسے فوری طور پر بند ہونا چاہیئے۔’

مسٹر اوباما نے منگل کی رات گئے اپنے مصری ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

بدھ کو ہونے والی وائٹ ہاؤس پریس بریفنگ میں گِبز نے یہ نہیں کہا کہ صدر نے مسٹر مبارک پرزور دیا ہےکہ وہ دست بردار ہوں، تاہم اُنھوں نے کہا کہ مسٹر اوباما نے تبدیلی کی بات ضرور کی۔
گِبز نے کہا کہ امریکی صدر کی صدر مبارک سے ہونے والی گفتگو ‘سیدھی، بے تکلف اور واضح تھی’۔ یہ بتائے بغیر کہ صدر کے اصل الفاظ کیا تھے، اُنھوں نے بتایا کہ صدر نے اپنے پیغام میں صدر مبارک پر واضح کردیا کہ تبدیلی کا وقت آن پہنچا ہے۔

گِبز نے اپنے گذشتہ ہفتے دیے گئے بیان کو دہرایا جِس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ مصر کو سالانہ 1.3بلین ڈالر جاری کرنے کی اپنی پالیسی کا جائزہ لے گا اور یہ کہ اِس بارے میں ہونے والے فیصلے کا دارومدار حکومتِ مصر کے رویے پر ہوگا۔
اُنھوں نے کہا کہ مسٹر اوباما صدر مبارک کے ساتھ رابطہ جاری رکھیں گے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے مصر کے واقعات کو بہت ہی نازک اور تیزی سے تبدیل ہونے والے قرار دیا۔

اِس سے قبل بدھ کو وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف ولیم ڈیلے نے کہا کہ مصر کی صورتِ حال امریکی کنٹرول سے بالا تر معاملہ ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ امریکہ کو توقع ہے کہ اِن حالات کے نتائج ایک مضبوط، مستحکم اور سیکولر مصری حکومت کی صورت میں سامنے آئیں گے۔

XS
SM
MD
LG