رسائی کے لنکس

مصر: کار بم دھماکے میں 25 فوجی اہلکار ہلاک


غزہ کی سرحد کے نزدیک الخروبہ نامی علاقے میں قائم چوکی پر ہونے والے حملے میں 27 فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مصر کے علاقے صحرائے سینا میں ایک چوکی پر ہونے والے کار بم حملے میں مصر ی فوج کے 25 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

سکیورٹی حکام نے اس سے قبل جمعے کو ہونے والے اس دھماکے میں 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ تاہم بعد ازاں حکام نے صحافیوں کوبتایا ہے کہ دھماکے میں مرنے والے اہلکاروں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فلسطینی علاقے غزہ کی سرحد کے نزدیک الخروبہ نامی علاقے میں قائم اس چوکی پر ہونے والے حملے میں 27 فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل صحرائے سینا کے معروف قصبے العریش کے مکینوں نے ذرائع ابلاغ کو جمعے کی سہ پہر علاقے میں ایک زور دار دھماکے کی آواز سننے کی اطلاعات دی تھیں۔

گزشتہ سال مصر کے اسلام پسند صدر محمد مرسی کے خلاف ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد سے صحرائے سینا میں مسلم شدت پسندوں کی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے جو اکثر و بیشتر سرکاری تنصیبات اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کرتے ہیں۔

مصری حکام کے مطابق صدر مرسی کی حکومت کے خاتمے کےبعد سے اس علاقے میں شدت پسندوں کی کارروائیوں میں اب تک سیکڑوں پولیس اور فوجی اہلکار مارے جاچکے ہیں۔

اس سے قبل اتوار کو بھی العریش کے جنوب مغرب میں سڑک کے کنارے نصب ایک بم پھٹنے سے مصری فوج کے چھ اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG