رسائی کے لنکس

پاکستان میں عید الاضحی جوش و خروش سے منائی گئی، کراچی میں کھالیں چھننے کے واقعات


پاکستان میں عید الاضحی جوش و خروش سے منائی گئی، کراچی میں کھالیں چھننے کے واقعات
پاکستان میں عید الاضحی جوش و خروش سے منائی گئی، کراچی میں کھالیں چھننے کے واقعات

پاکستان بھر میں پیر کو عید الاضحی نہایت جوش و خروش اور مذہبی رواداری کے ساتھ منائی گئی ۔ کراچی سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے ۔جس کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی گئی ۔

دن کا آغاز نماز فجر کے ساتھ ہوا جس کے ایک سے ڈیڑھ گھنٹے بعد کراچی میں ڈھائی ہزار سے زائد عید گاہوں،مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پرنماز عید کے اجتماعات ہوئے۔اجتماعات میں مسلم امہ و پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ایم اے جناح روڈ، گرومندر،ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، صدراور ملیر کے علاوہ کئی علاقوں میں نماز کے بڑے اجتماعات ہوئے۔

اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اورمحکمہ داخلہ نے خصوصی سیکیورٹی پلان ترتیب دے رکھا تھا۔ محکمہ داخلہ کے مطابق شہر میں نمازعید کے دوہزار پانچ سو سے زائد عید کے اجتماعات کی حفاظت کے لئے 14ہزار 595پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے جبکہ رینجرز کی نفری اس کے علاوہ تھی۔

محکمے کی ہدایات پر دن بھر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ رہے۔ عیدگاہوں و حساس مقامات پر کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے گئے تھے جبکہ واک تھرو گیٹس بھی لگائے گئے تھے۔ مساجد، امام باگاہوں ، عید گاہوں اور حساس مقامات پر پولیس کے باوردی اور سادہ لباس میں ملبوس اہلکار تعینات کئے گئے تھے ۔

اس دوران شہر بھر میں مختلف تنظیموں، جماعتوں اور فلاحی اداروں کی جانب سے کھالیں جمع کی گئیں۔جانوروں کی کھالوں کو اکھٹا کرنے کے لئے ضابطہ اخلاق ترتیب دیا گیا تھا تاہم اس کے باوجود شہر کے کچھ علاقوں سے کھالیں چھیننے اور فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ان واقعات کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے۔ کھال چھیننے کے واقعات گلستان جوہر ، ملیر ، ابوالحسن اصفہانی روڈ اور سوک سینٹر ، نیو کراچی اور لیاری میں پیش آئے۔

XS
SM
MD
LG