رسائی کے لنکس

گدھا گاڑی پر انتخابی مہم


سیکورٹی مسائل اور خطرات کے باوجود عوام اور سیاسی جماعتیں الیکشن کے عمل میں حصہ لینے کے لئے پرعزم دکھائی دیتی ہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف کاغذات ِنامزدگی مسترد ہونے کے بعد انتخابی دوڑ سے باہر ہو گئے تو ایک امیدوار نے ووٹرز کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے دلچسپ طریقہ اپنا لیا ہے۔

عام انتخابات میں اب صرف چوبیس دن رہ گئے ہیں۔ سیکورٹی مسائل اور خطرات کے باوجود عوام اور سیاسی جماعتیں الیکشن کے عمل میں حصہ لینے کے لئے پرعزم دکھائی دیتی ہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف کاغذات ِنامزدگی مسترد ہونے کے بعد انتخابی دوڑ سے باہر ہو گئے تو ایک امیدوار نے ووٹرز کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے دلچسپ طریقہ اپنا لیا ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں انتخابی میدان میں مزید کیا کچھ نیا ہوا آئیے اس پر ڈالتے ہیں ایک تفصیلی نظر:

گدھا گاڑی پر انتخابی مہم
رحیم یار خان میں اقلیتوں کی مخصوص نشست کے ایک امیدوار نے گدھا گاڑی پر اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے۔ چک 54کے رہائشی مہرا ہنری بھیل کے کاغذات حلقہ پی پی 294 سے منظور کر لئے گئے۔ مہرا بھیل، سجی سجائی گدھا گاڑی پر ووٹ مانگنے نکلتے ہیں تو ان کے ساتھ ڈھولچی بھی ہوتے ہیں جو ڈھول بجا بجا کر گاؤں والوں کو مہرا کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ مہرا بھیل فخریہ یہ کہتے سنے گئے ہیں کہ ”پجیرو گروپ“ ملک کے غریب عوام کی حالت نہیں بدل سکتے۔ اگر منتخب ہو گیا تو اقلیتوں اور مسلمانوں ۔۔ سب کے مسائل حل کروں گا۔

ملکی سیاست میں ’نیا خون‘ نیا جوش
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاکستانی سیاست میں ’نیا خون‘ لانے کا وعدہ کیا تھا اور ان کی جماعت نے انتخابی حوالے سے بڑا رسک لیتے ہوئے 80 فیصد پارٹی ٹکٹ نوجوانوں کو دئیے ہیں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے سیاسی میدان میں نئے لوگوں کو ٹکٹ دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے۔ یہ نوجوان انتخابات میں کامیاب ہو کر ملک کی تقدیر بدلیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ملک بھر سے 800 امیدوار کھڑے کئے ہیں جن میں سے 600 نئے چہرے ہیں اور35 فیصد چالیس سال سے کم عمر ہیں۔ عمران نے نوجوان امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کے لئے ’نیا پاکستان فنڈ‘ قائم کرنے کابھی اعلان کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے دفاتر پر میڈیا کی ’نوانٹری‘
الیکشن کمیشن کے دفاتر میں میڈیا کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی پاکستان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک اعلامیہ کے ذریعے کی گئی۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ میڈیا کو خبر دینے والے افسر کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ افسران میڈیا سے بات چیت نہیں کریں گے اور میڈیا کو موبائل یا ای میل کے ذریعے معلومات دینے پر بھی پابندی عائد ہو گی۔

اپیلوں کی سماعت کے لئے ایک اورالیکشن ٹربیونل
کاغذات ِنامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی مدت ختم ہونے سے ایک روز پہلے یعنی منگل کو الیکشن کمیشن نے اضافی الیکشن ٹریبونل تشکیل دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نیا الیکشن ٹریبونل جسٹس انوار الحق اور جسٹس محمود مقبول باجوہ پر مشتمل ہوگا۔ 78 اپیلیں سماعت کے لیے نئے ٹریبونل کو منتقل کر دی گئی ہیں۔ اس طرح ملک بھر میں الیکشن ٹریبونلز کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ اپیلوں کی سماعت کا کل آخری روز ہے۔

آصف ہاشمی، مرادعلی شاہ نااہل، عائشہ احد اہل
الیکشن ٹریبونل نے پیپلز پارٹی کے رہنما آصف ہاشمی اور سندھ کے صوبائی وزیر سید مراد علی شاہ کو نا اہل قرار دے دیا جبکہ عائشہ احد ملک لاہور کے حلقہ این اے 119 سے الیکشن لڑسکیں گی۔ یہ وہی حلقہ ہے جہاں سے شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شریف انتخابات میں حصہ لیں گے۔ عائشہ، حمزہ کی بیوی ہونے کا دعویٰ کرتی رہی ہیں۔

پرویز مشرف انتخابی دوڑ سے باہر
سابق صدر پرویز مشرف انتخابات کی دوڑ سے بالکل ہی باہر ہوگئے ہیں۔ سابق صدر نے چار حلقوں سے کاغذات داخل کئے تھے اور چاروں ہی حلقوں سے انہیں انتخاب لڑنے کے لئے نااہل قراد دے دیا گیا۔ انہوں نے این اے 48 اسلام آباد،این اے 139 قصور،این اے 250 کراچی اور این اے 32 چترال سے اپنے کاغذات ِنامزدگی جمع کرائے تھے جن میں سے تین حلقوں کے لئے پہلے ہی ان کے کاغذات مسترد کردیئے گئے تھے جبکہ منگل کو چترال کے لئے کی گئی اپیل بھی خارج کردی گئی۔ سابق صدر کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ نااہلی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG