رسائی کے لنکس

شہزادی ہونے کےلیے شہزادے سے شادی کی شرط نہیں: ایما واٹسن


ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ایما واٹسن نے لکھا ہے کہ ''دنیا اس چھوٹی سی بات کو یاد رکھے جو ہمارے درمیان ہوئی تھی کہ ذرائع ابلاغ کی ہرتحریر پر یقین نہیں کیا جا سکتا ہے ''۔

برطانوی اداکارہ ایما واٹسن نے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان افواہوں کے جواب میں اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے، جس میں ایک آسٹریلین رسالے نے دعویٰ کیا تھا کہ ہالی وڈ کی باصلاحیت اداکارہ ایما واٹسن شہزادہ ہیری کے دعوت نامے پر ان کی مہمان بنیں تھیں جبکہ میگزین کی جانب سے اس دعوت کو رومانوی ملاقات بتایا گیا تھا۔

'وومن میگزین' میں کہا گیا کہ اس ملاقات کے بعد شہزادہ ہیری کو مس واٹسن کی خوبصورتی سے کہیں زیادہ ان کی شخصیت کے سحر نے متاثر کیا ہے۔

تاہم گذشتہ روز فلم ہیری پوٹر کی ہیروئن ایما واٹسن نے میگزین کے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے اسے ذرائع ابلاغ کی افواہ سازی قرار دیا ہے۔

ایما واٹسن نے شہزادہ ہیری کےساتھ اپنی مبینہ خفیہ ملاقات کی افواہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا۔

''دنیا اس چھوٹی سی بات کو یاد رکھے جو ہمارے درمیان ہوئی تھی کہ ذرائع ابلاغ کی ہر تحریر پر یقین نہیں کیا جا سکتا ہے ''۔

ایما واٹسن نے اپنی ٹویٹ میں مزید کہا کہ ''ویسے بھی ایک شہزادی ہونے کے لیے شہزادے سے شادی کرنا شرط نہیں ہے۔''

ایما نے اس ٹویٹ کے ساتھ 1995 کی ایک فلم کا لنک بھی پوسٹ کیا ہے، یہ ایک ننھی شہزادی کی کہانی ہے جس میں ایک قول شامل تھا کہ ''میں ایک شہزادی ہوں اور ہر ایک لڑکی شہزادی ہوتی ہے۔''

گذشتہ کئی دنوں سے برطانوی ذرائع ابلاغ کی خبروں اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر برطانیہ کے خوبرو اور کنوارے شہزادے ہیری اور اداکارہ ایما واٹسن کی خفیہ ملاقات کا چرچا کیا جارہا ہے۔

وومن میگزین نے گذشتہ ہفتے انکشاف کیا تھا کہ شہزادہ ہیری نےمس واٹسن کو ایک مختصر ای میل لکھی تھی اوران سے نجی ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔

رسالے نے اپنے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ اگرچہ یہ ایک "رومانوی ملاقات" تھی لیکن اس ملاقات میں شہزادہ ہیری اور مس واٹسن کے علاوہ شہزادے کے بارہ دیگر دوست احباب بھی شامل ہوئے تھے اور شہزادہ ہیری کے کہنے پر دعوت کو دوستوں کی پارٹی کا رنگ دیا گیا تھا جو یہ نہیں چاہتے تھےکہ ایما واٹسن کو اس ملاقات کی وجہ سے ذرائع ابلاغ کے سوالوں کا سامنا کرنا پڑے ۔

لیکن یہ خبرانٹرنیٹ پر ایک بڑی افواہ ثابت ہوئی جس پر سوشل میڈیا اور بالخصوص ٹوئٹر کے صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا اور متعدد ٹوئٹس میں ایما واٹسن اور شہزادہ ہیری کی جوڑی کو ایک آئیڈیل شاہی جوڑا قرار دیا گیا اور بہت سے لوگوں نے کہا کہ ایما واٹسن بلاشبہ شہزادی کہلانے کے قابل ہیں۔

تاہم گذشتہ روز مس واٹسن کی جانب سے کی جانے والی تردید کے ساتھ انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی افواہوں کا خاتمہ بھی ہو گیا ہے اور اداکارہ کے چاہنے والوں کی طرف سے ان کی ٹویٹ کا خیر مقدم کیا گیا ہے اوران کی ٹویٹ کو سوشل میڈیا پر 37 ہزار بار ری ٹویٹ کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG