رسائی کے لنکس

ایمی ایوارڈز: نامزدگیوں کی دوڑ میں 'گیم آف تھرونز' سب سے آگے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایچ بی او کی سیریز 'گیم آف تھرونز' کے ٹی وی اسکرینز پر چھا جانے کے بعد اب 71 ویں ایمی ایوارڈز میں نامزدگیوں کی دوڑ میں بھی سب پر بازی لے گئی ہے۔ اس سال اسے 32 نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں۔

اس انفرادیت کے ساتھ ہی گیم آف تھرونز کو سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے۔

ادھر ایچ بی او نے مجموعی طور پر137 نامزدگی حاصل کی ہیں۔ ان نامزدگیوں کے ساتھ ہی ایچ بی او کا 2015 میں بننے والا اپنا ہی ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جو 126 نامزدگیوں پر مشتمل تھا۔

خبر رساں ادارے 'ہالی وڈ رپورٹر' کے مطابق صرف ایک سال میں کسی ایک ٹی وی نیٹ ورک کے لیے اتنی نامزدگیاں کسی اعزاز سے کم نہیں۔ یہ ریکارڈ دوبارہ بنانا بھی فوری طور پر کسی کے لیے ممکن نہیں۔

سیریز 'گیم آف تھرونز' اب تک مختلف ٹیکنیکل کیٹیگریز میں 10 ایوارڈز حاصل کرچکی ہے۔

رواں سال ایمی ایوارڈز کے لیے جن کیٹیگریز میں مختلف نامزدگیاں ملی ہیں ان میں غیر معمولی ڈرامہ سیریز کی کیٹیگریز میں اے ایم سی چینل کی 'بیٹر کال سول'، نیٹ فلیکس کی 'باڈی گارڈ'، ایچ بی او کی 'گیم آف تھرونز'، بی بی سی امریکہ کی 'کلنگ ایو'، نیٹ فلیکس کی ہی 'اوزرک'، ایف ایکس کی 'پوز' اور ایچ بی او کی دیگر دو ڈرامہ سیریز 'سکسیشن' اور 'دس از ایس' شامل ہیں۔

اسی طرح غیر معمولی کامیڈی سیریز کی کیٹیگری میں چھ سیریز کو نامزدگی دی گئی ہے۔

بہترین ایکٹر کی کیٹیگری میں جیسن بیٹ میں، اسٹرلنگ براؤن، کٹ ہیرنگٹن، باب اوڈین کرک، بلی پورٹر اور میلو وینٹی مگلیا شامل ہیں۔

بہترین اداکارہ کے لیے ایمیلا کلارک، جوڈی کومر، ویولا ڈیوس، لارا لنلے، مینڈی مور، ساندھرا اور روبن رائٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG