رسائی کے لنکس

اجے دیوگن کی آٹھ سال بعد ایکشن فلموں میں واپسی


اجے دیوگن کی آٹھ سال بعد ایکشن فلموں میں واپسی
اجے دیوگن کی آٹھ سال بعد ایکشن فلموں میں واپسی

بالی ووڈ ہیرو اجے دیوگن ایک مرتبہ پھر ایکشن ہیرو کے روپ میں نظر آنے والے ہیں ۔ اگرچہ انہوں نے1991ء میں اپنی پہلی فلم " پھول اور کانٹے "سے بطور ایکشن ہیرو فنی کیریئر شروع کیا تھا مگر پچھلے آٹھ سالوں میں انہوں نے ایک بھی ایکشن فلم نہیں کی۔

آٹھ سال کی طویل مدت کے بعد اب اجے دیوگن بطور ایکشن ہیرو نئی فلم " سنگھم" میں نظرآئیں گے۔ "سنگھم" کے بارے میں اجے دیوگن کا کہنا ہے کہ وہ ایکشن ہیرو کا رول کرنے کے لئے کافی عرصے سے بے تاب تھے۔

اجے دیوگن کا کہنا ہے کہ میں دوبارہ سے ایکشن فلم کرنے کا خواہشمند تھا لیکن پھر یہ بھی سوچتا تھا کہ پتا نہیں اب اس طرح کی اداکاری پہلے کی طرح کر سکوں گا یا نہیں۔

تقریباً دو دہائیوں سے بالی ووڈ سے وابستہ دیوگن کا کہنا ہے کہ میں مسلسل آٹھ سالوں تک اچھے اسکرین پلے اور کہانی کا منتظر تھا۔ اب "سنگھم" میں مجھے پھر سے ایکشن ہیرو کے طور پر کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ " سنگھم" بالکل مختلف فلم ہے ۔ اس میں بھرپور انداز کی تفریخ موجود ہے۔ تفریح و سنجیدگی کے بیچ توازن کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے ۔ فلم میں منفرد ایکشن مناظر بھی ہیں۔

دیوگن کی آخری ایکشن فلم "قیامت " 2003میں ریلیزہوئی تھی ۔ اس کے بعد انہوں نے پے در پے کئی مزاحیہ فلمیں کیں۔ ان میں" گول مال" سیریز ،"آل دی بیسٹ " اور "سنڈے "شامل ہیں۔ انہوں نے "اوم کارہ"،" لندن ڈیمز"، "یووا" اور" راج نیتی" جیسی اہم فلموں میں بھی کام کیا۔

سنگھم" آئندہ جمعہ کو ریلیز ہورہی ہے ۔ روہت شیٹھی کی ڈائریکشن میں بنی اس فلم میں دیوگن کے علاوہ جنوبی بھارتی فلموں کی اداکارہ کاجل اگروال بھی نمایاں ہیں ۔ یہ تامل فلم" سنگھم" کا ہندی ورژن ہے۔

دیوگن نے اس فلم میں پولیس انسپکٹر کا کردار ادا کیا ہے ۔ فلم کے ابتدائی مناظر کی تصاویر جاری ہوچکی ہیں جنہیں دیکھ کر سلمان خان کی فلم" دبنگ "سے ان کا موازنہ کیاجارہا ہے ۔

تاہم دیوگن کا کہنا ہے کہ اس فلم کا" دبنگ" سے کوئی تعلق نہیں۔ نہ ہی ان میں کوئی قدر مشترک ہے۔ صرف ایک بات ملتی جلتی ہے اور وہ یہ کہ دونوں فلموں کا ہیرو پولیس انسپکٹر ہے۔ سلمان بھی پولیس کی وردی میں تھے اور میں بھی وردی میں نظر آوٴں گا۔

XS
SM
MD
LG