بالی ووڈ اداکار اکشے کمار ایک بار پھر ایڈونچر رئیلٹی شو "خطروں کے کھلاڑی 4"کے میزبان ہوں گے۔ اکشے اس پروگرام میں اپنی واپسی پر خوش ہیں ۔ وہ" خطروں کے کھلاڑی" کے پہلے دو سیشنز کے بھی میزبان رہ چکے ہیں جبکہ تیسرے سیشن میں ان کی جگہ پریانکا چوپڑا کو لیا گیا تھاجن کی اب چھٹی کردی گئی ہے۔ نیا پروگرام "کلرز" ٹی وی کی پیشکش ہے۔
اکشے کمار بذات خود بھی ایڈونچر پسند ہیں اور ہمیشہ اسی طرح کے کاموں میں خوش رہتے ہیں۔ فلموں میں بھی جتنے خطرناک اسٹنٹ ہوتے ہیں وہ خود ہی کرنا پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے پروگرام میں واپسی کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ خوش ہیں۔ اس بار وہ مزیدنئے اسٹنٹ کرتے نظر آئیں گے۔
"خطروں کے کھلاڑی" کے چوتھے سیشن کی شوٹنگ جنوبی افریقہ میں ہوگی۔ پروگرام میں بطور کھلاڑی تیرہ لڑکے اور تیرہ ہی لڑکیاں ہوں گی۔ اس بار جو بھی کھلاڑی مقابلہ جیتے گا اسے انعامی ٹرافی تو ملے گی ہی وہ اکشے کمار کے ساتھ اشتہارات میں بھی کام کرسکے گا۔ پروگرام مئی کے وسط میں آن ائیر ہوگا۔