رسائی کے لنکس

بالی ووڈ فلموں میں نیا کام، ملکی فلموں کے غیر ملکی نام


بالی ووڈ فلموں میں نیا کام، ملکی فلموں کے غیر ملکی نام
بالی ووڈ فلموں میں نیا کام، ملکی فلموں کے غیر ملکی نام

بالی ووڈ فلموں میں ہورہا ہے ان دنوں نیا کام، رکھے جارہے ہیں ہندی فلموں کے انگریزی نام ۔۔۔!! بے شک اسے آپ 'تک بندی' کہیں یا' جگل بندی' مگر ہویہی رہا ہے۔ بالی ووڈکی نئی فلموں کے نام انگریزی میں رکھنے کا چلن تیزی سے پھل پھول رہا ہے۔ وانٹیڈ، آل دی بیسٹ، جیل اور کائٹس سب انگریزی عنوانات ہیں مگر ہندی فلموں کے۔

یہ رجحان کیوں پڑا۔۔ اس بارے میں ہر شخص کا اپنا جواب اور اپنی دلیل ہے۔ کچھ فلمسازوں کا کہنا ہے کہ "یہ ہماری اسکرپٹ کی ڈیمانڈ ہے" تو کچھ کہتے ہیں "فلم کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی تو سیل کرنا ہے"۔

متعدد نیشنل ایوارڈ جیتنے والے ڈائریکٹر مدھر بھنڈارکر کی اکثر فلموں کے نام انگریزی زبان سے چنے گئے ہیں جیسے " پیج تھری"، "کارپوریٹ"، " ٹریفک سگنل" یا " فیشن "۔ اس کا جواز بیان کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں:

"میری فلموں کی کہانی ہی دراصل ایسی ہوتی ہے کہ اس کا تقاضہ انگریزی ٹائٹل کا ہوتا ہے ۔ یوں سمجھ لیں کہ یہ اسکرپٹس کی ڈیمانڈ کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اب دیکھئے فلم "پیج تھری" کی کہانی ہائی سوسائٹی میں موو کرنے والے لوگوں سے متعلق تھی لہذا میرے نزدیک اس کا نام "پیج تھری" سے بہتر کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا تھا"۔

فلمسازوں میں سے کچھ کا نکتہ نظر یہ بھی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تو بالی ووڈ فلموں کی مانگ اسی دور سے ہے جب وی سی آر کا زمانہ تھا مگر اب بالی ووڈ فلموں کی ڈیمانڈ جرمنی، فرانس، پولینڈ، اسرائیل، ترکی، جاپان، برطانیہ، امریکہ، جنوبی امریکہ، جنوبی کوریا اور چین کی مارکیٹ میں بھی روز بر وز بڑھتی جارہی ہے۔ وہاں بالی ووڈ فلموں کو بڑے چاوٴ سے خریدا اور پروموٹ کیا جانے لگا ہے۔ لہذا اوورسیز مارکیٹ کو 'کیچ 'کرنے میں انگریزی نام مدد گار ثابت ہوتے ہیں"۔

فلمسازوں اور ڈسٹری بیوٹرز کا ایک نظر یہ یہ ہے کہ "ہندی اور اردو عنوانات بہت زیادہ استعمال ہونے کے سبب گھس پٹ گئے ہیں۔ ایک ایک نام سے کئی کئی فلمیں بن چکی ہیں۔ مثلاً "آنکھیں"، "ناگن"، "کھلاڑی" وغیرہ وغیرہ۔ فلم کا پرانا نام ہو تو دیکھنے والے کو دلچسپی محسوس نہیں ہوتی۔ پہلی مرتبہ کسی نے اپنی فلم کا نام انگریزی میں رکھا جو ایسا ہٹ ہوا کہ اب ہر فلمساز انگریزی ٹائٹل رکھنے کو ترجیح دینے لگا ہے۔ انگریزی ٹائٹل والی فلمیں نہایت کامیاب بھی رہی ہیں مثلاً "تھری ایڈیٹس"، "نو اینٹری" اور"پارٹنر"۔

ملاحظہ کیجئے کچھ 'خالص ہندی' فلموں کے خالصتاً 'انگریزی نام' تو کچھ 'ہندی انگلش مکس پلیٹ'۔ ۔ ۔

فاسٹ فارورڈ، ڈو ناٹ ڈسٹرب، ویک اپ سڈ، سیزنز گریٹنگس، واٹس یوار راشی؟، ریس، ویلکم، چانس پہ ڈانس، ہیروز، مائی نیم از خان، پیار امپوسیبل، لائف پارٹنر، ریڈی، تھنک یو، کرشنا کاٹیج، ویکلی مالا مال، لو کا دی اینڈ، سنڈے، دی ویٹڈنس ڈے، بلیک فرائیڈے، بلو، پے اینگ گیسٹ، بلو باربر، مونیکا، نو ون کلڈ جیسیکا، پرنس، تنو ویڈز منو، نوبرابلمز ۔۔ وغیرہ وغیرہ ۔

XS
SM
MD
LG