رسائی کے لنکس

فنکار، اداکار اور گلوکار علی ظفر، اگلی فلم میں کترینہ ان کی ہیروئن ہوں گی


فنکار، اداکار اور گلوکار علی ظفر، اگلی فلم میں کترینہ ان کی ہیروئن ہوں گی
فنکار، اداکار اور گلوکار علی ظفر، اگلی فلم میں کترینہ ان کی ہیروئن ہوں گی

پاکستان کے موجودہ حالات میں موسیقی کی ہلکی پھلکی تانیں بھی ان دنوں صحرا میں برسات کی رم جھم پھوارسے کچھ کم نہیں۔کسی کی پرسکون اور مدھ بھری آواز سن کر لگتا ہے جیسے برسوں کی تھکن اتر گئی ہو۔ اتفاق کہیے یا مجبوری ملک میں موسیقی پر کم کام ہورہا ہے لیکن جتنا بھی کام ہورہا ہے وہ حوصلہ مند لوگوں کی محنت کا ہی ثمر ہے۔ علی ظفر بھی انہی لوگوں میں سے ہیں جوحالات چاہے جیسے بھی ہوں، نوجوانوں کے لئے نیا میوزک تخلیق کرتے رہتے ہیں۔

علی ظفر کی اب تک تین میوزک البم ریلیز ہوچکی ہیں۔ان کی پہلی ہی البم کی ستر لاکھ کاپیاں فروخت ہوئی تھیں جبکہ ان کی سب سے آخری البم " جھوم " تھی جو اسی سال فروری میں ریلیز ہوئی تھی۔ علی ظفر ان دنوں پھر خبروں میں ہیں۔ ان کی بھارت میں بننے والی فلم ”تیرے بن لادن“کا دوبارہ چرچا شروع ہوگیا ہے۔ انٹرنیٹ پر اسامہ کی تصویر سرچ کریں تواس فلم کے ایک اور مرکزی کردار کے اسامہ کے گیٹ اپ والی تصاویر بھی سامنے آجاتی ہیں۔

علی ظفر اداکار زیادہ اچھے ہیں یا گلوکار، بعض اوقات اس کا فیصلہ بہت سوچ کر کرنا پڑتا ہے ۔ خود علی ظفر کا اس بارے میں کہنا ہے"میرے فینز مجھ سے کہتے ہیں کہ میں گلوکاری نہ چھوڑ وں ، اس کا مطلب ہے کہ میں سنگر کی حیثیت سے زیادہ پاپولر ہوں۔ اداکاری کے حوالے سے بھی لوگوں نے مجھے خوب سراہا ہے مگر میری پہلی پہچان بھی سنگر کی حیثیت سے ہی ہے لیکن میری خواہش ہے کہ میں سپر ہیرو کا کردار ادا کروں"

فلم ”تیرے بن لادن“ کے بعد عنقریب علی ظفر کی دوسری فلم ”میرے برادر کی دلہن“ ریلیز ہونے جا رہی ہے جس میں کترینہ کیف بھی ان کے ساتھ ہوں گی ۔ اپنی ساتھی فنکاراوٴں کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ انہیں ماہ نور ، مرینہ خان، عتیقہ اووڈھو، میرا ، ریما اور صاحبہ اچھی لگتی ہیں۔ویناملک کے ساتھ وہ اپنے چاہنے والوں کی اجازت کے بعد کام کرنا پسند کرسکیں گے جبکہ کترینہ کے بارے میں ان کی رائے ہے کہ وہ بہت باصلاحیت اور ہر وقت مصروف رہنے والی اداکارہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG