ایک طویل عرصے سے گرما گرم خبروں کا حصہ بننے والی فلم ”بامبے ویلوٹ“ کے ہیروٴ کا فیصلہ بلاخر ہوہی گیا۔ فلمساز انوراگ کرشپ نے لیڈنگ رول کے لئے رنبیر کپور کو سائن کرلیا۔ اس فلم کا اعلان تقریباً تین سال پہلے ہوا تھااور تبھی سے یہ خبر گرم تھی کہ فلم کے ہیرو کے لئے انوراگ کرشپ کی بات چیت عامر خان سے ہورہی تھی ۔
عامر خان اپنی مصروفیات کے باعث انوراگ سے فائنل بات چیت نہ کرسکے حالانکہ انوراگ نے مسلسل تین سالوں تک عامر خان کا انتظار کیا لیکن طویل ترین انتظار کے باوجود انہیں عامر خان ڈیٹس نہیں دے پائے۔ اب اس فلم کے لئے انوراگ نے انتہائی اہم فیصلہ کرتے ہوئے رنبیر کپور کو سائن کرلیا ہے۔
انوراگ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انو راگ نے ایسا مایوس ہوکرکیا ہے ورنہ اس سے پہلے وہ ضد پر اڑے ہوئے تھے کہ عامر کے بغیر یہ فلم نہیں بنائیں گے۔اسی ضد میں تین سال گزر گئے ۔انوراگ کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ انوراگ کو فلم”راک اسٹار“ میں رنبیر کپور کی ایکٹنگ بہت اچھی لگی جس کے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ بدل لیا اور یوں عامر کے انتظارمیں رکی فلم ” بامبے ویلوٹ“ رنبیر کے دامن میں آگری۔
”بامبے ویلوٹ “ کی کہانی ایک کتاب ”ممبئی فیبلز“سے لی گئی ہے ۔ کہانی میں سن ساٹھ کے عشرے کا بیک ڈراپ ہے۔ فلم کے نمایاں فنکاروں میں نصیر الدین شاہ، جان ابراہم اور کے کے مینن شامل ہیں۔ جبکہ” سلم ڈاگ ملینئر“ سے شہرت کی بلندیوں کو پہنچنے والے ڈائریکٹر ڈینی بوئل اس فلم کے پروڈیوسر ہوں گے۔ فلم بہت جلد فلور پر جانے والی ہے ۔
مقبول ترین
1