رسائی کے لنکس

یوکرین کی مالی مدد: یورپی یونین کا 18 ارب یوروز کے سستےقرضے کا منصوبہ


 یورپی یونین کے انٹرنل مارکیٹ کمشنر تھیری بریٹن یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹرز میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے ہیں ۔فوٹو رائڑز
یورپی یونین کے انٹرنل مارکیٹ کمشنر تھیری بریٹن یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹرز میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے ہیں ۔فوٹو رائڑز

یورپی یونین نے بدھ کے روز یوکرین کو اگلے سال باقاعدہ ادائیگیوں کے ساتھ تقریباً 18 ارب یوروز پر مشتمل مالی امداد کا ایک منصوبہ پیش کیا ہے تاکہ جنگ سے تباہ حال اس ملک کو توانائی اور صحت کی دیکھ بھال کے اپنےمراکز چلانے اور تنخواہوں اور پنشن کے لیے فنڈز فراہم کرنے میں مدد ملے۔

یورپی یونین کی ایگزیکٹو برانچ، یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ اس امداد میں انتہائی سازگار شرائط کے ساتھ ہر ماہ تقریباً ایک اعشاریہ پانچ ارب یورو کے قرضے شامل ہوں گے، جو ممکنہ طور پر جنوری سے شروع ہوں گے۔ یوکرین کو کم از کم دس سال تک رقوم کو واپس کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور یورپی یونین کے رکن ممالک سود کے اخراجات پورے کریں گے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا اندازہ ہے کہ یوکرین کو 2023 میں ہر ماہ تین سے چار ارب ڈالر زکی ضرورت ہوگی۔ امریکہ 27 ملکوں پر مشتمل یورپی یونین کے فنڈز کےمساوی رقوم فراہم کرے گا جب کہ دوسرے عطیہ دہندگان اور مالیاتی ادارے متوقع طور پر باقی رہ جانے والی کمی کوپورا کریں گے ۔

کمیشن کے ایگزیکٹو نائب صدر ویلڈیس ڈومبرووکس نے اس منصوبے کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو ہماری مدد کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیف میں حکومت کو مستحکم اور ایسی فنڈنگ کی ضرورت ہے جس کا پیشگی اندازہ لگایا جاسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ یورپی یونین کو توقع ہے کہ وہ دھوکہ دہی اور بدعنوانی سے بہتر طریقے سے نمٹے گی اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنائے گی۔

کمیشن زیادہ سازگار شرائط کے حصول کے لیے 27 ملکوں کی مشترکہ حمایت کا استعمال کرتے ہوئے کیپٹل مارکیٹوں سے رقم ادھار لینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ کچھ کوششوں میں یورپی یونین کے طویل مدتی بجٹ کے حصے کی تنظیم نو شامل ہوگی، جس کے لیے رکن ملکوں کی متفقہ منظوری درکار ہے۔

برلن میں پوسٹ وار یوکرین ری کنسٹرکشن کا نفرنس فوٹو روائٹرز
برلن میں پوسٹ وار یوکرین ری کنسٹرکشن کا نفرنس فوٹو روائٹرز

ڈومبرووسکس نے یورپی یونین کے ملکوں اور یورپی پارلیمنٹ پر زور دیا ہے کہ وہ سال کے اختتام سے پہلے اس منصوبے کی منظوری دے دیں تاکہ جنوری میں پہلے قرضے فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پر جلد فیصلے کی ضرورت ہے۔سن 2023 تیزی سے قریب آرہا ہے اور یوکرین کی مالیاتی ضروریات فوری نوعیت کی ہیں۔

یورپی یونین پر یوکرین پر فنڈز کی فراہمی میں انتہائی سست روی کا مظاہرہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے اگرچہ اس نے فروری میں روسی افواج کے حملے کے بعد سے اس ملک کے لیے 19 ارب یورو سے زیادہ رقم مختص کی ہے۔

ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیجارتو نے اس ہفتے کہا تھا کہ ان کی حکومت دو طرفہ بنیاد پر مالی مدد فراہم کرتی رہے گی لیکن وہ یورپی یونین کی جانب سے یوکرین کی مدد کا کریڈٹ لینے کی اجازت دینے کی مخالفت کرتی ہے۔ ڈومبرووسکس نے کہا کہ وہ ہنگری کے ساتھ مل کر اس کے اعتراضات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

یورپی یونین کا ارادہ ہے کہ وہ اس ماہ یوکرین کو اضافی 2 اعشاریہ پانچ ارب یورو اور دسمبر میں مزید 500 ملین یورو فراہم کرے گی.

اس خبر کا مواد ایسو سی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG