رسائی کے لنکس

یورو زون ممالک میں بے روزگاری ریکارڈ سطح پر


'یورو' کرنسی استعمال کرنے والے 17 ممالک میں بے روزگاری کی شرح پہلی بار 12 فی صد کی ریکارڈ سطح تک جاپہنچی ہے۔

'یورو' کرنسی استعمال کرنے والے 17 ممالک میں بے روزگاری کی شرح پہلی بار 12 فی صد کی ریکارڈ سطح تک جاپہنچی ہے۔

یورپی یونین کے شماریات سے متعلق ادارے 'یورو اسٹیٹ' کی منگل کو جاری کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 'یورو زون' میں بے روزگاری کی یہ بلند شرح جنوری اور فروری کے دوران میں یکساں رہی۔

رپورٹ کے مطابق اندازہ ہے کہ ان 17 ممالک میں کل ایک کروڑ 90لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوروزون میں شامل دو ممالک اسپین اور یونان میں کام کاج کے قابل ایک چوتھائی سے زائد افرادی قوت بے روزگاری کا سامنا کر رہی ہے۔

اس کے برعکس یورپ کی سب سے بڑی معیشت اور اقتصادی طور پر مضبوط یورو ملک جرمنی کی صورتِ حال نسبتاً بہتر ہے جہاں بے روزگاری کی شرح صرف 4ء5 فی صد ہے۔

ایک دوسرے سروے میں کہا گیا ہے کہ یورپ میں مینو فیکچرنگ کی صنعت مسلسل زوال پذیر ہے اور گزشتہ 14 مہینوں سے اس شعبے میں دستیاب ملازمتوں میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔

'یورو زون' میں شامل کئی ممالک تاحال قرضوں کے اس بحران کے اثرات سے باہر نہیں نکل پائے ہیں جس نے لگ بھگ تین سال قبل خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

گزشتہ ہفتے ہی 'یورپین سینٹرل بینک' اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے قبرص کے لیے 13 ارب ڈالر مالیت کا 'بیل آئوٹ' پیکج منظور کیا ہے جو اسے قرضوں کے داخلی بحران سے نکلنے میں مدد دے گا۔

قبرص 'یورو زون' میں شامل ممالک میں سب سے چھوٹی معیشت ہے اور حالیہ برسوں میں بین الاقوامی 'بیل آئوٹ' حاصل کرنے والا زون کا پانچواں ملک ہے۔

رپورٹ کے مطابق قبرص میں بے روزگاری کی شرح 15 فی صد ہوگئی ہے جو آئندہ برسوں میں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
XS
SM
MD
LG