افغانستان سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ایک خودکش حملے میں کم از کم تین پولیس اہل کار ہلاک جب کہ پانچ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکہ اُس وقت ہوا جب ایک مشتبہ حملہ آور نے دارالحکومت کابل کے لوگوں سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم کے داخلی دروازے پر اپنے آپ کو بھک سے اڑا دیا۔
اہل کاروں نے اِس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ دھماکہ بدھ کی شام ’شپریزہ کرکٹ لیگ‘ کے ایک میچ کے دوران ہوا۔ لیکن، آزاد ذرائع سے یہ بات معلوم نہیں ہوسکی کہ یہ کیسے ہوا اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کیا ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ سارے کھلاڑی محفوظ ہیں اور کابل اسٹیڈیم کے اندر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دھماکے کی ابھی تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔
کابل اسٹیڈیم میں پیر کے روز دو ہفتہ طویل کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا، جب کہ اس سے قبل شہر میں طالبان اور داعش کے دھڑوں کی جانب سے بارہا حملے ہو چکے ہیں۔