رسائی کے لنکس

برطانیہ: نجی طیارے کے حادثے میں بن لادن خاندان کے تین افراد ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

مرنے والوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان کا تعلق القاعدہ کے سابق رہنما اسامہ بن لادن کے خاندان سے تھا۔

برطانیہ میں ایک نجی ہوائی جہاز کے حادثے میں اُس پر سوار چار افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان کا تعلق القاعدہ کے سابق رہنما اسامہ بن لادن کے خاندان سے تھا۔

برطانیہ میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ محمد بن نواف السعود نے واقعے کی تصدیق کی ہے لیکن انھوں نے اس کی مزید تفصیل یا مرنے والوں کے نام ظاہر نہیں کیے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں انھوں نے بن لادن خاندان سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ "سفارتخانہ مرنے والوں کی میتوں کی تدفین کے لیے سعودی عرب بھیجنے سے متعلق برطانوی حکام کے ساتھ کام کر رہا ہے۔"

بن لادن سعودی عرب کا ایک اثرو رسوخ رکھنے والا بڑا کاروباری خاندان ہے۔

اس نجی طیارے پر تین مسافر اور ایک پائلٹ سوار تھا جو کہ لندن کے قریب ایک ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے تباہ ہوا۔ طیارہ اٹلی کے شہر میلان سے یہاں پہنچا تھا۔

اس سے پہلے سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ یہ طیارہ سعودی خاندان سے تعلق رکھتا ہے لیکن اس میں بن لادن خاندان کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔

اسامہ بن لادن سے 1994ء میں ان کے خاندان نے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

سعودی عرب نے ان کی عسکریت پسندی کی وجہ سے ان کی شہریت بھی ختم کر دی تھی۔ اسامہ 2011ء میں پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں امریکی اسپیشل فورسز کے ایک خفیہ آپریشن میں ہلاک ہو گئے تھے۔

اسامہ بن لادن کے والد محمد بن لادن کے بچوں کی تعداد 50 سے زائد بتائی جاتی ہے اور یہ ایک بڑا خاندان ہے۔

XS
SM
MD
LG