رسائی کے لنکس

نمایاں کارکردگی کی مثال، ’فیشن پاکستان ویک‘ ختم ہوگیا


شو میں پیش کئے گئے خوب صورت عروسی اور جدید انداز کے ملبوسات نے تقریب لوٹ لی۔ اس پر پاکستان کی ٹاپ ماڈلز نے منفرد اور جدید دلہن اور پارٹی میک اپ میں خود کو سب کے سامنے پیش کرکے سونے پہ سہاگہ کا کام کیا

کراچی میں ’فیشن پاکستان ویک- اسپرنگ سمر2014ء‘ جمعہ کو اپنے اختتام کو پہنچا۔ مسلسل تین روز تک جاری رہنے والا یہ ایونٹ فیشن پاکستان کونسل اور ’ہم ستارے‘ کے اشتراک سے منعقد ہوا۔ شو میں پاکستانی فیشن کی صنعت سے منسلک افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے تقریب کو یادگار بنایا۔

شو میں پیش کئے گئے خوب صورت عروسی اور جدید انداز کے ملبوسات نے تقریب لوٹ لی۔ اس پر پاکستان کی ٹاپ ماڈلز نے منفرد اور جدید دلہن اور پارٹی میک اپ میں خود کو سب کے سامنے پیش کرکے سونے پہ سہاگہ کا کام کیا۔

’نعمان عارفین‘ کے ملبوسات میں خوب صورت شیروانی اور شاہانہ کلاہ نمایاں تھے۔ یہ ملبوسات فارسی آرٹ سے متاثر ہیں۔ ادھر چمڑے پر مبنی اشیا بنانے والی عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کمپنی جعفر جیز نے اپنی جدید ترین پیشکش سامنے لاکر شو کو چار چاند لگا دیئے۔

جعفر جیز کی اس پیشکش میں باریک کام سے لیس ہینڈ بیگ، کلچ بیگ اور ٹریول بیگ پیش کئے گئے جو شتر مرغ اور کراس اسٹچ کے پیچیدہ ڈیزائن پر بنے ہوئے تھے۔

شو میں ’گلابو‘ کے رنگ برنگے اور شوخ ملبوسات بھی پیش کئے گئے۔ گلابو کلیکشن کا آغاز ماہین خان نے 2005ء میں کیاتھا۔ آج ’گلابو‘ کو پاکستان کی فیشن انڈسٹری کے معروف ترین برانڈز میں شامل کیا جاتا ہے۔

’گلابو‘ کلیکشن پاکستان کی ثقافت، روایت اور خالص ’ٹرک آرٹ‘ پر مبنی ہے جس میں پاکستانی اور دیسی ثقافت عیاں ہے۔ گلابو نہ صرف فیشن ملبوسات بلکہ سجاوٹی اشیا بھی تیار کرتا ہے جن میں فوٹو فریم اور دیگر اشیا شامل ہیں۔

’فیشن پاکستان ویک‘ کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق، اس سال اُبھرتے ہوئے ریٹیل کپڑوں کے برانڈ کو فروغ دینے کی غرض سے معروف برانڈ ’شییپ‘ کو بھی پیش کیا گیا ہے۔ ’شییپ‘ جدید دُور کی خواتین کے لئے تیار ڈیزائنر ملبوسات فراہم کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں، شو میں شمائل انصاری کے نہایت خوب صورت اور شاہانہ انداز کے بہترین امتزاج والے ملبوسات بھی نمائش کے لئے پیش کئے گئے۔ شمائل نے اس بار روایتی شوخ رنگوں کے بجائے ہلکے رنگوں کا انتخاب کیا۔

فیشن شو کی کوریوگرافی ایچ ایس وائی اینڈ پروڈکشن نے کی جبکہ بیک اسٹیج مینجمنٹ پروڈکشن 021 اور شو کی پروڈکشن سی کے او کی زیر نگرانی ہوئی۔ فیشن پاکستان ویک 2014کے پبلک ریلیشنز کے فرائض ’ہم‘ نیٹ ورک نے ادا کئے، جبکہ تقریب کی آفیشیل فوٹوگرافی معروف فوٹوگرافر ٹپو جویری نے کی۔

XS
SM
MD
LG