پاکستان کے نئے وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے وزارتِ قانون کو ہدایت کی ہے کہ وہ سابق وزیرِ اعظم محمد نواز شریف کے صاحب زادوں – حسین اور حسن نواز – اور سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو لندن سے واپس لائے تاکہ وہ اپنے خلاف پاکستانی عدالتوں میں جاری مقدمات کا سامنا کریں۔
پیر کو وفاقی کابینہ کے افتتاحی اجلاس کے بعد اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے نواز شریف اور مریم نواز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی مبینہ ملکیت ایون فیلڈ فلیٹس پاکستانی عوام کی ملکیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان فلیٹس کو حکومتی کنٹرول میں لینے کے لیے وزارتِ قانون کو ہدایات دی گئی ہیں جو اس بارے میں برطانوی حکومت سے رابطہ کرے گی۔
تاہم سابق صدر پرویز مشرف کو واپس لانے سے متعلق ایک صحافی کے سوال پر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کوئی بات نہیں ہوئی۔
فواد چودھری نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور پوری کابینہ نے احتساب کا عمل اپنے آپ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ خود کو عوام کے سامنے جواب دہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے بیرونِ ملک اثاثوں کو وطن واپس لانے کے معاملے پر ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے جب کہ بڑی سرکاری رہائش گاہوں کے مستقبل کے تعین کے لیے وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں بھی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت سادگی کو فروغ دے گی اور بدعنوانی کا خاتمہ حکومت کے ایجنڈے پر سرِ فہرست ہے۔
فواد چودھری نے بتایا کہ کابینہ نے وزرا اور بیوروکریٹس کے بیرونِ ملک دوروں پر پابندی لگانے کی منظوری دی ہے جب کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا خود بھی آئندہ تین ماہ تک کسی بیرونِ ملک دورے کا ارادہ نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ ماہ ہونے والے سربراہی اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان شرکت نہیں کریں گے اور پاکستان کی نمائندگی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔
وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ وزیرِ اعظم ہاؤس کی ملکیت 88 مہنگی گاڑیاں نیلام کی جائیں گی جب کہ کسی وزیر کا سرکاری خرچ پر بیرونِ ملک علاج نہیں ہوگا۔
ایک سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور امیدواروں کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تحریکِ انصاف بآسانی اپنے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کو ملک کا آئندہ صدر منتخب کرانے میں کامیاب ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ کے 16 وزرا نے پیر کی صبح اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا جس کے کچھ دیر بعد وزیرِ اعظم عمران خان کی سربراہی میں کابینہ کا افتتاحی اجلاس ہوا تھا۔
وفاقی کابینہ میں پانچ مشیر بھی شامل ہیں جن کی تقرری کا نوٹی فکیشن پیر کو کابینہ ڈویژن نے جاری کیا تھا۔