فٹبال کے عالمی کپ کا دوسرا مرحلہ 'ناک آؤٹ راؤنڈ' ہفتہ سے شروع ہو رہا ہے جس میں گروپ میچز میں سخت مقابلوں کے بعد 16 ٹیمیں پہنچی ہیں۔
اس مرحلے کا پہلا میچ میزبان برازیل اور چلی کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ اسی روز دوسرا میچ کولمبیا اور یوروگوائے کے مابین ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں جگہ بنائے رکھنے کے لیے ہر ٹیم کو اپنا میچ جیتنا ضروری ہوگا۔ کھیل برابر ہونے پر دو مرتبہ کھیل کے لیے اضافی وقت دیا جائے گا اور ضرورت پڑی تو فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔
جمعرات کو ختم ہونے والے پہلے مرحلے میں بلیجیئم اور الجزائر گروپ ایچ سے جب کہ امریکہ اور جرمنی گروپ جی سے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچیں۔
اپنے گروپ میں سرفہرست رہنے والے جرمنی نے جمعرات کو امریکہ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی جب کہ گروپ ایچ کی پہلے نمبر کی ٹیم بیلجیئم نے اسی روز جنوبی کوریا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا تھا۔
جرمنی دوسرے مرحلے میں اپنا پہلا میچ پیر کو الجزائر کے خلاف کھیلے گا۔ بلیجیئم منگل کو امریکہ کے مدمقابل ہوگا۔