کرونا وائرس کے مریضوں اور اموات کی تعداد برق رفتاری سے بڑھ رہی ہے اور شہروں کو لاک ڈاؤن کرنے کے باوجود صورت حال میں بہتری دکھائی نہیں دے رہی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں پہلی بار نئے کیسز کی تعداد 54 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ مسلسل تیسرے دن دو ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
امریکہ میں مریضوں کی تعداد 82 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے جو چین سے بھی زیادہ ہے۔ برطانیہ میں پہلی بار ایک دن میں سو سے زیادہ اور فرانس میں پہلی بار تین سو زیادہ اموات ہوئی ہیں۔
جان پاکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق جمعرات کو اٹلی میں 712 افراد ہلاک ہوئے اور 6203 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ کل ہلاکتیں 8 ہزار اور مجموعی کیسز 80 ہزار سے زیادہ ہو گئے ہیں۔
سپین میں آج 498 افراد ہلاک ہوئے اور 6682 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ کل ہلاکتیں 4145 اور مجموعی کیسز 56 ہزار سے زیادہ ہو گئے ہیں۔ فرانس میں 365 افراد ہلاک ہوئے اور 3922 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ کل ہلاکتیں 1696 اور مجموعی کیسز 29155 ہو گئے ہیں۔
امریکہ میں جمعرات کی سہہ پہر تک 150 افراد ہلاک ہو چکے تھے اور 13785 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی۔ کل ہلاکتیں 1177 اور مجموعی کیسز 82 ہزار ہوگئے ہیں۔
ایران میں مزید 157 افراد ہلاک ہوئے اور 2389 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ کل ہلاکتیں 2234 اور مجموعی کیسز 29406 ہو گئے ہیں۔
برطانیہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 115 افراد ہلاک ہوئے اور 2129 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ کل ہلاکتیں 578 اور مجموعی کیسز 11658 ہوگئے ہیں۔ جرمنی میں 33 افراد ہلاک ہوئے اور 6323 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ کل ہلاکتیں 239 اور مجموعی کیسز 43646 ہو گئے ہیں۔
چین میں صورت حال قابو میں ہے جہاں 6 افراد ہلاک ہوئے اور 67 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔ کل ہلاکتیں 3287 اور مجموعی کیسز 81285 ہیں۔