رسائی کے لنکس

شام: شدت پسندوں اور فورسز کی لڑائی، 310 ہلاک


دولت اسلامیہ کے جنگجو
دولت اسلامیہ کے جنگجو

آبزرویٹری کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں نے ان کارروائیوں کے دوران فوجیوں، محافظوں اور دیگر عملے سمیت 270 افراد کو ہلاک کیا۔

شام میں انسانی حقوق پر نظر رکھنے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ سرکاری فورسز نے مذہبی انتہا پسندوں کے قبضے میں گیس کی تنصیبات کا قبضہ چھڑانے کے لیے کارروائی شروع کی ہے جبکہ یہاں تین روز سے جاری لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد 310 تک پہنچ گئی ہے۔

برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق مرکزی صوبہ حمص میں شاعر گیس فیلڈ میں سرکاری فورسز اور اسلامک اسٹیٹ کہلوانے والے گروپ کے درمیان جاری لڑائی شام میں تین سال سے زائد عرصہ قبل شروع ہونے والی تحریک میں سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوئی ہے۔

اسلامک اسٹیٹ نے گیس فیلڈ پر جمعرات کو قبضہ کیا تھا۔ سرکاری فورسز نے جمعہ کو دیر گئے یہاں کارروائی شروع کی اور ہفتہ کو کچھ حصوں کا کنٹرول حاصل کر لیا۔

آبزرویٹری کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں نے ان کارروائیوں کے دوران فوجیوں، محافظوں اور دیگر عملے سمیت 270 افراد کو ہلاک کیا۔

لڑائی میں 40 شدت پسند مارے گئے جب کہ 30 افراد گیس فیلڈ سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

تنظیم کی اس رپورٹ کی فوری طور پر تصدیق ممکن نہیں ہوسکی ہے۔

اسلامک اسٹیٹ پہلے دولت اسلامیہ فی عراق ولشام کہلاتا تھا اور اس نے شام اور عراق کے علاقوں میں "خلافت" قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

XS
SM
MD
LG