رسائی کے لنکس

عائشہ خان نے انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیوں کیا؟


چھوٹی اور بڑی سکرین کے خوبصورت اور گلیمرس چہروں میں سے ایک عائشہ خان نے کچھ گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر یہ اعلان کیا ہے کہ وہ اس شعبے کو خیرباد کہنے جا رہی ہیں، بس پھر کیا تھا سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ پر اس خبر کو نمایاں طور پر شائع کیا گیا اور ان کے پرستاروں اور انڈسٹری کے ساتھیوں نے بھی ٹوئیٹر اور فیس بک پر اپنے جذبات کا فوراً اظہار کیا۔

عائشہ نے فیس بک پر لکھا کہ میں نے اس انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اور اس موقع پر میں اپنے ساتھیوں اور پرستاروں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے اس سفر میں میرا غیر مشروط ساتھ دیا اور اس مقام تک پہنچنے میں میری مدد کی۔

عائشہ خان نے لکھا ہے کہ میں نے ہمیشہ یہ کوشش کی کہ اپنی ذاتی اور پروفیشنل زندگی کو الگ الگ رکھوں اور اب بھی چاہوں گی کہ اس بات کو مقدم رکھتے ہوئے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ بس بات اتنی سی ہے کہ میں زندگی کے ایک مرحلے کو چھوڑ کر دوسرے میں داخل ہونے جا رہی ہوں اور آپ سب سے محض نیک تمناؤں کی آرز ومند ہوں۔

ان کے اس اچانک فیصلے پر جہاں ان کے پرستاروں کو دھچکا پہنچا ہے وہیں انڈسٹری میں ان کے قریبی ساتھیوں نے بھی ٹوئیٹر پر حیرت اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہیں ہمیشہ مس کیا جاتا رہے گا۔

ثمینہ پیرزادہ نے ان کے فیس بک سٹیٹس کے جواب میں لکھا کہ عائشہ میں ہمیشہ تمہاری محبت کی اسیر رہوں گی، اور تمہارے دل میں موجود تمام خوہشاں کے پورا ہونے کے لیے دعا گو رہوں گی،۔

پارسا ڈرامے میں ان کے ساتھ کام کرنے والے ان کے ساتھی اداکار احسن خان نے لکھا کہ مائی پارسا گرل،،۔

طوبی صدیقی لکھتی ہیں کہ عائشہ آپ جو بھی کام کرو جہاں بھی رہو خوش رہو۔

سید جبران لکھتے ہیں کہ ٹھیک ہے آپ کا فیصلہ لیکن ایک کم بیک تو بنتا ہے نا، عائشہ نے جواب میں لکھا کہ امید کرتی ہوں جبران ایسا نہ ہو، ۔

علی سفینہ نے لکھا کہ اگرچہ میں نے آپ کے ساتھ کام نہیں کیا لیکن ہو سکتا ہے کوئی معجزہ ہو جائے اور ہم ایک ساتھ کوئی پراجیکٹ شروع کر لیں، تاہم ڈرامہ انڈسٹری، یہ سکرین اور آپ کے پرستار آپ کو ہمیشہ مس کریں گے۔

عائشہ خان نے تقریباً اٹھارہ برس اس انڈسٹری کو دیئے انہوں نے 2000 میں ڈرامہ ’’ تم یہی کہنا ‘‘سے کام کا آغاز کیا، تاہم ڈرامہ سیریل ’’ مہندی ‘‘سے انہیں پہچان ملی، جس کے بعد انہوں نے متعدد ہٹ ڈرامہ سیریل انڈسٹری کو دیں، جن میں چند معروف نام یہ ہیں، وصل،پارسا ، محرم ،خدا زمیں سے گیا نہیں ،کچھ پیار کا پاگل پن، میری ادھوری محبت، من مائل، ماسی اور ملکہ ، من و سلوی، بول میری مچھلی، تم ہو کہ چپ، نو ر زندگی، ہوروں تو پیا تیری، چین آئے نا وغیرہ۔

انہوں نے ڈراموں کے ساتھ ساتھ بلال لاشاری کی فلم ’’ وار‘‘اور ندیم بیگ کی فلم ’’ جوانی پھر نہیں آنی ‘‘میں اہم کردار ادا کیے۔

XS
SM
MD
LG